فیونرل ہوم میں سڑتی ہوئی 18 انسانی لاشیں ملنے پر امریکہ میں ہنگامہ
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں آخری رسومات ادا کرنے والے ایک فیونرل ہوم میں 18 انسانوں اور دو جانوروں کی لاشیں سڑتی ہوئی ملنے کے بعد اسے بند کردیا گیا۔ یہ فیونرل ہوم امریکی ریاست جارجیا میں واقع ہے۔ اس میں موجود تمام 18 میتوں کی شناخت نہیں ہوپائی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق ڈیزائرے ہیچ کی والدہ شارلٹ ناستاسی کا جون میں انتقال ہوا تھا لیکن ان کی لاش بھی برآمد ہونے والی 18 میتوں میں شامل تھی۔ ناستاسی نے انتقال سے پہلے صرف دو باتوں کی درخواست کی تھی، ان کے جسم کو پاک کیا جائے اور ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی بجائے ان کی لاش کو جلایا جائے کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کا جسم سڑ جائے۔ لیکن بدقسمتی سے ان کی وصیت پوری نہیں ہوسکی۔ ہیچ خاندان نے فیونرل ہوم کو خدمات کے لیے 1400 ڈالر ادا کیے تھے، لیکن یہ خدمات کبھی فراہم نہیں کی گئیں۔ انہیں ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی نہیں ملا۔
جانسن فیونرل ہوم کی جانچ کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ اس کے پاس کوئی بھی لائسنس نہیں تھا لیکن اس پر کبھی جرمانہ نہیں لگایا گیا۔ جارجیا بیورو آف انویسٹیگیشن (جی بی آئی) نے 18 میں سے 12 لاشوں کی شناخت کرلی ہے جب کہ چھ کی شناخت کا عمل جاری ہے۔