بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے اور آج رات بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے اکثر علاقے سردی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کےساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑوں پر برفباری کی بھی توقع ہے۔دوسری جانب آج درجہ حرارت لیہہ ، اسکردو اور قلات میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گوپس میں منفی 6، گلگت، کالام اور استور منفی 4 جبکہ بگروٹ، دیر اور مالم جبہ میں ٹمپریچر منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔