واٹر ٹورزم و اسپورٹس آپریٹرز کو ریگیولرائیز کرنے کا فیصلہ

واٹر ٹورزم و اسپورٹس آپریٹرز کو ریگیولرائیز کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی سربراہی میں اہم اجلاس میں سندھ کوسٹل لیئر ٹوئرزم اینڈ واٹر اسپورٹس اتھارٹی کا ڈرافٹ پیش کیا گیا۔ سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں سی ویو، منوڑا آئی لینڈ، ہاکس بے، چرنا آئی لینڈ، دریائے سندھ اور کینجھر جھیل سمیت 20 مقامات پر واٹر اسپورٹس کے مواقع اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے اس شعبہ سے وابستہ افراد کو قانونی تحفظ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹور آپریٹرز کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ انسانی تحفظ اور ماحول دوست اقدامات کو یقینی بنائیں، چیف سیکریٹری نے کہا کہ تمام تر سرگرمیوں کے دوران کشتیوں میں VMS آلے/ ڈوائیسس کا استعمال ضروری ہوگا، VMS کے استعمال سے کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں ریسکیو اقدامات میں آسانی ہوگی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ڈرافٹ منظوری کے لئے سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس نے کہا کہ سندھ میں دیگر کھیلوں کو فروغ دلانے کے ساتھ ساتھ اب واٹر ڈائیونگ، اسکیوبا، ڈائیو بوٹ، جیٹ اسکی، سمیت واٹر اسپورٹس کے لئے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف مقامی بلکہ دیگر ملکوں کے سیاحوں کے لیے بھی صحت مند ماحول بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں سیکریٹری اسپورٹس، سیکریٹری ثقافت سمیت واٹر ڈائیو ماسٹرز نے شرکت کی۔