نئی پولیس ٹیم ”گولڈن ڈک“: سال نوکے پہلے ہفتے کروڑوں کے ڈاکے، سیف سٹی کیمرے خراب، سٹریٹ کرائم بڑھ گیا

نئی پولیس ٹیم ”گولڈن ڈک“: سال نوکے پہلے ہفتے کروڑوں کے ڈاکے، سیف سٹی کیمرے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار)سال نوکے پہلے ہفتہ کے دوران بھی شہری ڈاکوؤں اورراہزنوں سمیت جرائم پیشہ افراد کی دستبردسے محفوظ نہ رہے سکے۔لاہورپولیس کی نئی ٹیم بھی ڈکیتی،راہزنی اورچوری سمیت قتل غارت جیسے سنگین واقعات پر قابوپانے میں ناکام رہی ہے۔ وزیراعظم کے بھانجے،سینئر صحافی سمیت کئی اہم شخصیات بھی ڈاکوؤں اورراہزنوں کے سرگرم گروہ کی زد میں آگئیں۔ناکے اورڈولفن وپیروسکواڈکی گشت بھی کسی کام نہ آئی۔تفصیلات کے مطابق نئے سال کی آمد پر پولیس کی نئی ٹیم شہر میں امن و امان قائم رکھنے اورجرائم پیشہ افراد پر قابو پانے کے لئے کوئی خاص منصوبہ بندی نہیں کر سکی ہے۔ جس کے باعث سال کے پہلے ہفتہ کے دوران شہر میں ڈاکوؤں اور راہزنوں نے اُودھم مچائے رکھی ہے۔شاہراہِ عام سمیت گھروں میں لوٹ مار کا بازارگرم کئے رکھا جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھانجے شیرشاہ سمیت سینئرصحافی امتیازعالم کے گھروں سمیت 101شہریوں سے لوٹ مار کی گئی۔ پولیس کی جانب سے ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق نئے سال کی آمد پر کارسوارتین ڈاکوؤں کاگروہ اچانک سرگرم ہوگیا جس میں ڈاکوؤں نے سال کے پہلے روز مناواں کے علاقہ میں جاوید ربانی کے گھرڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی واردات کی۔ پولیس تاحال اس واردات کا سراغ نہیں لگا سکی۔شاہراہِ عام سمیت اہم چوراہوں میں ڈاکوؤں اوررہزنوں کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہونے کے باعث پولیس کو ہر اگلے گھنٹے بعد لاکھوں کی واردات کی کال موصول ہوئی۔ اس میں تھانوں،محافظ فورس،ڈولفن اورپیروسکواڈکی مسلسل گشت بھی کوئی خاص مددگار ثابت نہیں ہوسکی ہے اور سیف سٹی کے کیمروں کی جانب سے ہاٹ کرائم سپاٹ کی نشاندہی کرنے کے باوجود پولیس کئی گھنٹے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچتی رہی جس کے باعث ڈاکو، راہزن اورچور شہر کے داخلی اورخارجی راستوں کو پار کر کے منزلوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ دنوں کے دوران ڈاکوؤں اورراہزنوں نے تین درجن سے زائد گھروں کا صفایا کیا ہے، ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری قتل اور مزاحمت پر ایک اہلکار کو زخمی کیا گیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق شہر کے اہم مقامات پر سیف سٹی کے کیمرے خراب تھے۔ 3 درجن سے زائد شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات میں زیادہ تر سٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہیں۔ لاہور پولیس کے ڈی آئی جی رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ شہر میں ڈولفن اور پیرسکواڈ کی گشت کے حوالے سے نئے سرے سے پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔ شاہراہوں پر خراب کیمرے ٹھیک کروائے گئے ہیں۔

جس سے وارداتوں اور سنگین واقعات میں کمی اور کنٹرول کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔

مزید :

علاقائی -