مسلم لیگ ن چیئرمین سینیٹ کے لئے کن ناموں پر مشاورت کر رہی ہے؟جنرل(ر) عبدالقیوم نے حیران کن انکشاف کر دیا

چکوال( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور چیئرمین دفاعی پیداوار کمیٹی سینیٹ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے پاس چیئرمین سینٹ کوہٹانے کیلئے نمبر پورے ہیں، 9 جولائی کو چیئرمین صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں،مسلم لیگ ن کی طرف سے راجہ ظفر الحق اور مصدق ملک کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔چکوال میں ورکرز کنونشن میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ حکومت سینٹ میں فاروڈ بلا ک بنانے کی سر توڑ کوشش کر رہی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے راجہ ظفر الحق اور مصدق ملک میں سے کسی ایک امیدوارکوسامنےلانےکےبارےمیں مشاورت مکمل کی جارہی ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہارکیا کہ103کےایوان میں متحدہ اپوزیشن کاامیدوار چیئرمین سینٹ 70سے زائد ووٹ لینے کی پوزیشن میں ہے۔ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ڈیلیور نہیں کر سکی،عوام میں بےچینی اور افراتفری بڑھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ متحدہ اپوزیشن کو پورے ملک میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے،حکومت متحدہ اپوزیشن نہیں بلکہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے خود اپنی موت آپ مرتی جا رہی ہے۔