کسٹمز عملے کی مدد سے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلانے والا مرکزی ملزم پکڑاگیا

کسٹمز عملے کی مدد سے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلانے والا مرکزی ملزم پکڑاگیا
کسٹمز عملے کی مدد سے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلانے والا مرکزی ملزم پکڑاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایف آئی اے نے ہال روڈ میں ایک دفتر پر چھاپہ مارا اور حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلانے والے مرکزی ملزم عماد جہانگیر کو گرفتار کرلیا۔ نیٹ ورک پر الزام ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمزعملے کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے سمگل کرتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کو سمگلنگ میں سہولتکاری فراہم کرنے میں کسٹمز افسران اور عملہ بھی شامل ہے۔ ایف آئی اے نے سپرنٹنڈنٹ کسٹمز شاہنواز لنگڑیال، سپرنٹنڈنٹ حرعباس، انسپکٹر کسٹم رانا بابر، کسٹم اہلکار ناصر کو سمگلرز کی سہولتکاری کی ایف آئی آر میں نامزد کردیا ہے۔

ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ٹی ٹی کے ذریعے کاروباری افراد کے کروڑوں روپے بیرون ملک منتقل کرنے والا نیٹ ورک دبئی سے جہانگیر اور لاہور ہال روڈ سے اس کا بیٹا عماد جہانگیر چلا رہا تھا۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے ہال روڈ برادرز پلازہ میں ٹی جے ٹریڈرز کے دفتر میں چھاپہ مار کر عماد جہانگیر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے موبائل فونز ریکارڈ اور بیانات کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی طور پر رقوم بیرون ملک منتقل کرنے والے ہال روڈ، نیلا گنبد، برانڈرتھ روڈ ، حفیظ سینٹر کے تاجروں کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مولانا شوکت علی روڈ، جیل روڈ، فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، منٹگمری روڈ کے کئی تاجروں کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ملزمان علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے مہنگی ترین فوڈ آئٹمز، چاکلیٹس، موبائل فونز، لیپ ٹاپس کی سمگلنگ میں بھی ملوث تھے۔