دالوں کی کاشت کے فروغ کے منصوبہ کے لئے فارمرز ڈے کا انعقاد
چیچہ وطنی (اے پی پی)دالوں کی کاشت کے فروغ کے منصوبہ کے لئے فارمرز ڈے کا انعقاد کیا گیا جو محکمہ زراعت چیچہ وطنی اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مشترکہ تعاون سے چک نمبر 11/7Lمیں منعقد ہوا۔ڈائریکٹر زراعت چوہدری شاہد حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن،ملتان زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر محمد عرفان بیگ کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ ڈائریکٹر زراعت نے فارمر ڈے کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو چاہیے کہ وہ دالوں کی کاشت زیادہ سے زیادہ رقبے پر کریں۔
انہوں نے کھادوں کے متوازن استعمال اور پانی کی بچت کے مختلف طریقے بتائے اور کہا کہ فصلوں کو کھیلیوں میں کاشت کریں تا کہ پانی کی بچت کی جائے۔ تقریب میں دیگر مقررین نے بھی کسانوں کو فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے مختلف طریقے بتائے اور دالوں کی کاشت پر زور دیا، آخر میں کسانوں میں مونگ کا بیچ بھی تقسیم کیا گیا۔\