اپوزیشن سراپااحتجاج:قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

اپوزیشن سراپااحتجاج:قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے حلف ...
اپوزیشن سراپااحتجاج:قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے حلف اٹھا کر ممبرز آف رول پر دستخط کردیے، اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں تلاوت، حمد و ثنا اور نعت خوانی کے بعد سنی اتحاد کونسل کے رکن شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ممبران اسمبلی گنتی کی ہدایت کی۔

بعد ازاں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے حلف اٹھایا جن سے اسپیکر قومی اسمبلی نے حلف لیا۔

حلف کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر مسلسل احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے، جس پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ میرے خلاف شیم کے نعرے لگانے کا شکریہ۔بعد ازاں منتخب ارکان نے حلف کے بعد ممبرز آف رول پر دستخط کردیے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج حلف اٹھانے والے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حکم امتناع دیا ہوا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف لینا غیر آئینی اور توہین عدالت ہے، ہم فارم 47 کے تحت زبردستی جتوانے والوں کی مذمت کرتے ہیں اور یہ اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہماری 180 ممبرز اسمبلی میں نہیں آتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی عالمی دن پر غیر آئینی حلف لے کر خواتین کی مخصوص نشستوں پر ڈاکا مارا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود ہمیں عمران خان سے نہیں ملنے دیا گیا، اڈیالہ جیل کے حکام نے ہمیں ملنے سے روکا، کیا جیل سپرنٹنڈنٹ آئین کے تابع آتا ہے کہ نہیں؟۔خواتین کا کوٹا ملنے تک ہم احتجاج کرتے رہیں گے، اسپیکر صاحب یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں وہ ملک کیسے چلے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن کو 4 درخواستیں بھیجیں، ہم معاملے کو پشاور ہائیکورٹ لے کر گئے، پشاور ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔قومی اسمبلی میں ہماری سیٹیں زیادہ ہیں، خواتین اور اقلیتی 23 نشستیں کسی اور کو نہیں جاسکتیں، الیکشن کمیشن کا ریزوز نشستوں پر فیصلہ درست نہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں پشاور ہائیکورٹ یا الیکشن کمیشن کا حکم نہیں ملا، ہمیں کسی نے بھی حلف لینے سے نہیں روکا۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ آج جنہوں نے حلف لیا ان میں خیبرپختونخوا سے کوئی نہیں، مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے توہین عدالت نہیں ہوئی۔