خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر اقتصادی ترقی ناممکن ہے‘ایس ایم نصیر

خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر اقتصادی ترقی ناممکن ہے‘ایس ایم نصیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامر س رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چےئرمین ایس ایم نصیر نے ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس میں منعقد سارک چیمبرآف وومین انٹر پر ینیور کونسل(ایس سی ڈبلیو ای سی) اور آل پاکستان وومین ایسوسی ایشن(اے پی ڈبیلو اے) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر اقتصادی ترقی ناممکن ہے،دنیا کے اکثر ممالک معاشی نمو کی شرح بڑھانے کی دوڑ میں کمزور طبقات کو نظر انداز کر رہے ہیں جس سے غربت اور محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایس ایم نصیر نے مزید کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی غربا کی اکثریت خواتین پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے عدم مساوات،امتیازی سلوک،قرضہ کی سہولتوں کا فقدان،ملکوں کے مابین تجارت کے بجائے مخالفت پر زور اور ارباب اختیار کی عدم دلچسپی ہے۔ اسی موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک ممالک میں خواتین کی تنخواہیں مردوں کے مقابلہ میں اوسطََ 40فیصد تک کم ہیں جبکہ چین میں تعلیم چھوڑنے والوں میں سے 80فیصد لڑکیاں ہیں،جبکہ پاکستان میں 60فیصد سے زیادہ غریب اور71فیصد لڑکیاں ثانوی درجے کی تعلیم سے محروم ہیں جو ہمارے ملک کے مستقبل کیلئے ایک افسوس ناک خبر ہے۔ سارک چیمبر وومین انٹر پر ینیور کونسل(ایس سی ڈبلیو ای سی) کی چےئر پرسن ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ اس (ایم اے یو) کا بنیادی مقصد دونوں تنظیموں کے درمیان خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے باہمی تعاون جاری رکھنا ہے ،کیونکہ خواتین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کافی محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ چےئر پرسن( اے پی ڈبلیو اے) روہی سیدنے کہا کہ خواتین کی تربیت کیلئے جاری پروجیکٹ کو پہلے مقامی پھر نیشنل اور انٹر نیشنل لیول پر پر شروع کیا جائے گا۔آل پاکستان وومین ایسوی ایشن کی پروگرام منیجردرہیشوار نے کہا کہ پاکستان فنی مہارت،معیاری تعلیم اور کاروبار کے فروغ کیلئے از سر نو پالیساں تشکیل دیں اورسیاست کو تجارت پر فوقیت نہ دینے کی حکمت عملی اپنائے تو آمدنی میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ تقریب میں سیدہ سیدا بانو،پروفیسر ڈاکٹر اسمت نعیم،غزالہ خان ایڈووکیٹ،ایم این اے ساجدہ ذوالفقار،سمینہ فضل اور حنا منصف نے بھی شرکت کی۔

مزید :

کامرس -