سدھو موسے والا کو قتل سے 8 روز قبل انکی موت کے بارے میں بتادیا گیا تھا، بھارتی سیاستدان کا انکشاف
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی سیاست دان تاجندر بگّا نے انکشاف کیا ہے کہ سدھو موسے والا کو قتل سے 8 روز قبل ہی انکی موت کے بارے میں بتادیا گیا تھا۔جیو نیوز کے مطابق حال ہی میں بگ باس 18 کے کنٹسٹنٹ اور سیاسی رہنما تاجندر بگّا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک نجومی نے سدھو موسے والا کو ان کی موت سے پہلے خبردار کیا تھا اور ملک چھوڑنے کی تجویز دی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس 18 کے ایک حالیہ ایپی سوڈ میں تاجندر بگّا نے یہ انکشاف کیا کہ ایک نجومی، جو ان کا قریبی دوست تھا، نے سدھو موسے والا کو آگاہ کیا تھا کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے اور انہیں جلد از جلد ملک چھوڑ دینا چاہیے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے تاجندر کا کہنا تھا کہ سدھو نے نجومی کی بات مانی اور ملک چھوڑنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، لیکن پیشگوئی کے 8 دن بعد ہی سدھو موسے والا کو قتل کردیا گیا تھا۔تاجندر نے مزید بتایا کہ انہوں نے بھی سدھو کو اس خطرے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مذکورہ نجومی سے دوبارہ رابطہ کرکے مشورہ بھی طلب کیا۔سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو منسا ضلع کے ایک گاؤں میں ان کی گاڑی پر گولیاں برسا کر قتل کردیا گیا تھا۔ سدھو نوجواں میں کافی مقبول تھے، وہ اپنی موسیقی خود کمپوز اور پروڈیوس کیا کرتے تھے۔