لندن ،پی ٹی آئی کے کارکنان کی مولانا فضل الرحمان پر حملے کی کوشش ناکام

لندن ،پی ٹی آئی کے کارکنان کی مولانا فضل الرحمان پر حملے کی کوشش ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                    لندن( مانیٹرنگ ڈیسک ،اے این این)برطانیہ میں تحریک انصاف کے کارکنان کی مولانا فضل الرحمان پر حملے کی کوشش ناکام،جے یو آئی کے کارکنان اپنے قائد کو بحفاظت نکال کر لے گئے،دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی کئی زخمی،پی ٹی آئی کے ”گو ڈیزل گو“ کے نعرے،مولانا فضل الرحمان خالد سومرو کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کے لئے لندن پہنچے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح مولانا فضل الرحمان لندن ساو¿تھ ہال کی مسجد ابو بکر میں مولانا خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقد تعزیتی ریفرنس میں شرکت کے لئے لندن پہنچے تو ایئر پورٹ پر تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان نے ان پر حملے کی کوشش کی جسے جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے ناکام بنا دیا۔اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور کئی زخمی ہو گئے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گوڈیزل گو کے نعرے لگانا شروع کر دیئے،جے یو آئی(ف) کے کارکنان اپنے قائد کو بحفاظت نکال کر لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف لندن کا کہنا ہے کہ ہم صرف احتجاج کرنے کے لئے گئے تھے، ہمارے کارکنوں نے کوئی حملہ نہیں کیا بلکہ جے یو آئی(ف)کے افراد نے ہمارے کارکنوں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کیا، ان کے خلاف مقدمہ درج کرا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جب وزیراعظم نواز شریف لندن کے دورے پر آئے تھے تو اس وقت بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر گو نواز گو کے نعرے لگائے تھے۔
حملے کی کوشش ناکام

مزید :

صفحہ آخر -