سیکرٹری داخلہ سے امریکی وفد کی ملاقات، جیل ریفارمز، قانون کی عملداری، پیرول اینڈ پروبیش سسٹم پر تبادلہ خیال
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے امریکی ایمبیسی اسلام آباد کے وفد نے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ لاہور میں ملاقات کی۔ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ بیورو کے وفد کی سربراہی کیری بسنائیٹ نے کی۔ وفد سے جیل ریفارمز، قانون کی عمل داری اور پیرول اینڈ پروبیش سسٹم بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ بیورو کی مدد سے منشیات کے عادی افراد و ملزمان کی بحالی کیلئے سینٹرز بنائیں گے۔ منشیات کے عادی افراد کی فلاح کیلئے آئی این ایل کے اشتراک پر ممنون ہیں۔ محکمہ داخلہ نے پروبیشنرز کیلئے مثالی کمیونٹی سروس ماڈل متعارف کروایا ہے۔
سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل کا کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد کمیونٹی سروس کا قانون پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے۔قانون کی منظوری کے بعد پنجاب کے 40 ہزار سے زائد پروبیشنرز کمیونٹی سروس کریں گے اور پروبیشنرز سے انکی تعلیم اور تکنیکی مہارت کے مطابق کام لیا جائے گا۔ کمیونٹی سروس ماڈل کی کامیابی سے حکومت پنجاب کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ بیورو کی نمائندہ کیری بسنائیٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب کا جیل ریفارمز ماڈل قابل تعریف ہے۔ انصاف کی فراہمی اور قانون کی عملداری کیلئے پارٹنرشپ کے خواہاں ہیں۔ پروبیشن افسران کی عالمی معیار کے مطابق تربیت کروانے میں مدد کریں گے۔
ماہرین نفسیات کا کہنا تھا کہ جیلوں میں موجود افراد کو غصے پر قابو پانے بارے تربیت کروائی جائے گی۔
ملاقات کے موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمٰن، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن عاصم رضا، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر، ڈی جی پیرول شاہد اقبال کیساتھ ساتھ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے پروفیسرز بھی موجود تھے۔