، حکومت تھیلیسیمیا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، ایس ایم منیر

، حکومت تھیلیسیمیا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، ایس ایم منیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اکنامک رپورٹر) چیف ایگزیکٹیو ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ حکومت تھیلیسیمیا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، سلام ہے ان والدین کو جواس مرض میں مبتلا اپنے بچوں کی خدمت کررہے ہیں۔ تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام کاشف اقبال تھیلیسیمیا سینٹر کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی ایس ایم منیر نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے خلاف جہادکے لئے قدم بڑھائے جائیں تو ہر سمت سے عوام اور بلخصوص مخیر حضرات ہمارا ساتھ دیں گے ۔ ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹیو ایس ایم منیر نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی قوم کے خدمت کے جزبے کی مثالیں دی جاتی ہیں، آج کئی فلاحی تنظیمیں اس مرض کے خلاف نبرد آزما ہیں ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر شیخ خالد تواب نے کہا کہ سینیٹر عبدالحسیب خان کی شب و روز کاوشوں سے تھیلیسیمیا کے قوانین ایوانوں سے منظور ہونے کے باوجود ان کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد نہ ہونا باعث افسوس ہے۔ شیخ خالد تواب نے کہا کہ دنیا بھر میں عوام کی فلاح کے لئے سوشل سکیورٹی نظام رائج ہے لیکن پاکستان میں غریب آدمی کو بنیادی سہولتیں حاصل نہیں۔ سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی شیخ خالد تواب نے کہا کہ تمام ادارے اپنی تشہیری مہم میں تھیلیسیمیا کی آگاہی کے حوالے سے چند سطور ضرور درج کریں۔سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے قانون کو منظور کرانے کے لیئے جی جان سے کام کیا لیکن افسوس کہ حکومت کی جانب سے اس قانون پر عملدرآمد کے لئے سنجیدگی نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں میں کمی کی بجائے اضافہ باعث تشویش ہے۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ درسگاہوں سمیت ہر فورم پر اس مرض کی آگاہی کے حوالے سے مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق نکاح سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ نہیں کرایا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو نادانستگی میں بچوں کے قاتل بنانے سے روکنے کے لئے سنجیدہ سوچ اپنائی جائے۔سیکریٹری بلڈ بینک اتھارٹی سندھ ڈاکٹر زاہد انصاری نے سینیٹر عبدالحسیب خان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی رہنمائی کے لئے این جی اوز اور عوام مشترکہ طور پر اس مرض کے خلاف جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں چار ریجنل ٹیسٹ سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں اس کے علاوہ شکایات ملنے پر تین سو غیر قانونی بلڈ بینک بند کردیئے گئے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسین ملک نے کہا کہ پاکستان میں کزن میریج کے رجحان کے باعث تھیلیسیمیا کامرض پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحسیب خان نے تھیلیسیمیا کے قانون کو منظور کروا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔ کاشف اقبال تھیلیسیمیا سینٹر کے بانی چیرمین محمد اقبال نے کہا کہ اپنے بیٹے کاشف کے انتقال کے بعد انیسو چھیانوے میں تھیلیسیمیا سینٹر کی بنیاد رکھی ۔ گزشتہ بیس سال سے ایس ایم منیر، مہتاب چاؤلہ، عبدالحسیب خان، سردار یسین ملک اور دیگر شخصیات اس کار خیر میں شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لئے ہر سال تیس لاکھ بوتلیں خون کی درکار ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان تمامتر مشکلات کے باوجود کاشف اقبال تھیلیسیمیا سینٹر انسانیت کی بقاء کے لئے جدو جہد کررہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال ملا نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مرض کی آگاہی کے لئے ایف پی سی سی آئی کا کردار قابل تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس کار خیر میں ساتھ دے۔ تقریب سے زبیر طفیل ، مہتاب چاؤلہ، بلال ملا اور دیگر نے خطاب کیا۔تھیلیسیمیا ڈے پر چیف ایگزیکٹیو ٹی ڈیپ ایس ایم منیر، ایف پی سی سی آئی کے سینیئر نائب صدر شیخ خالد تواب، سینیٹر عبدالحسیب خان، مہتاب چاولہ، زبیر طفیل، سردار یاسین ملک، ڈاکٹر ذاکر انصاری اور دیگر کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔