وزیر اعلیٰ مریم نوازسے پاکستان نیول وار کالج کے118رکنی وفد کی ملاقات،16 دوست ممالک کے آفیسرز بھی شامل
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے رئیر ایڈ مرل اظہر محمود کی سربراہی میں پاکستان نیول وار کالج کے وفد نے ملاقات کی۔ 118رکنی وفد میں پاکستان نیوی کے علاوہ 16 دوست ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم انیشیٹو کے بارے میں خود بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تما م پراجیکٹ اور پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مثبت تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں، خوشحال پنجاب ہماری منزل ہے۔ عوام کو خوش دیکھنا میرے لیے ایوارڈ کے مترادف ہے۔ خلوص نیت کے ساتھ کی جانے والے ہر کوشش کامیابی سے ہمکنارہوتی ہے۔بے سود میٹنگ کلچر کی بجائے عمل پر یقین رکھتی ہوں۔ ایگریکلچرل میکانائزیشن سے کاشتکاروں کو نئی ٹیکنالوجی متعارف کرایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کا آغاز جلد کررہے ہیں۔ لاہور میں کوالٹی ہائر ایجوکیشن کے لیے محمد نوازشریف آئی ٹی سٹی کا پراجیکٹ چند ماہ میں شروع ہوجائے گا۔پنجاب کو لوکل اور فارن انویسٹر ز کے لئے سیف ہب بنارہے ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سرخ فیتہ کلچر ہٹارہے ہیں۔ گورنمنٹ سکیموں میں لاکھوں کاشتکاروں کا اپلائی کرنا حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھنے کی راہیں تلاش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات پر یقینی رکھتی ہوں پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین بنانا چاہتی ہوں۔پابندی وقت اور عوام کی خدمت کا سبق اپنے والد محمد نوازشریف سے سیکھا۔ آؤٹ آف سکول بچوں کے لیے ریفارمز شروع کر چکے ہیں اور نیوٹریشن پروگرام کی وجہ سے انرولمنٹ بڑھ رہی ہے۔ افراط زر کا 38فیصد سے 6.9پر آنا عوام کے لئے خوشی کی نوید ہے۔ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار تیزی سے نمایاں ہورہے ہیں۔پنجاب میں ای گورننس کا کنسپٹ متعارف کراچکے ہیں۔ تعلیم اور صحت ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور پنجاب کا ہر شہری حکومت پنجاب کا سٹیک ہولڈر ہے۔ ترجیحات میں اول و آخر عوام کی فلاح و بہبود ہی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ایئر ایمبولینس کا آغاز کرنا قابل فخر ہے۔ شریمپ فارمنگ کے ذریعے لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی استعمال میں لارہے ہیں۔ٹوراز پر پرائم فوکس ہے، راولپنڈی تا مری گلاس ٹرین چلائیں گے۔ کامیابی کی بہت سے سٹوریز آچکی ہیں،بہت سی مزید آرہی ہیں۔ پاکستان میں سرکاری سطح کا پہلا آرٹیزم سکول اور کینسر ہسپتال بنارہے ہیں۔پاک نیول وار کالج کے معیار کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جانا قابل فخر ہے۔ اپنے تمام مہمانوں خاص طور پر غیر ملکی افسران کا لاہور میں خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین، سعودی عرب، ترکی، یو اے ای، بنگلادیش، عمان، عراق، فلسطین، یمن، ساؤتھ افریقہ سمیت دیگر ممالک کے آفیسرز کو یہاں دیکھ کر بے حدخوشی ہوئی۔لاہور کی ثقافت اور تہذیب یقینا ہمارے مہمانوں کو پسند آئے گی۔لاہور کی تاریخ اور اہمیت دیکھ کر آپ لوگوں کوبہت اچھا محسوس ہوگا اور میں آپ کو لاہور کے ٹور کی دعوت دیتی ہوں۔ پاکستان ایسا ملک ہے جس کے پاس بے شمار ٹیلنٹ اوربے پناہ پوٹینشل ہے۔ پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاک نیوی کے کردار کو سراہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کے انقلاب نے ملٹری سروس کو یکسربدل کر رکھ دیا ہے۔ عوام کو گھر کی دہلیز پرعلاج کی سہولت مہیا کرنے کے لئے کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال کا پراجیکٹ شروع کیا۔ پاکستان کی پہلی ائیر ایمبولینس کا آغاز کرنے پر فخر ہے،نازک حالت میں مریض صرف ایک گھنٹہ میں ہسپتال پہنچ سکتا ہے۔ گرین ٹریکٹر، کسان کارڈ،لائیو سٹاک کارڈ،ٹیوب ویل کی سولرائزیشن سے فارمر کی ترقی یقینی بنارہے ہیں۔بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے چیف منسٹر سکول میل پروگرام شروع کیا گیا۔کمزور طبقوں کی مالی معاونت کے لئے ہمت کارڈ شروع کیا گیا ہے۔ پنجاب میں روڈز کی بحالی اور تعمیرو مرمت چند ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر کیا اب 700الیکٹرک بسیں لارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام اشیائے خوردونوش کے نرخ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ پوری دنیا سے کمپنیز یہاں آکر نوازشریف آئی ٹی سٹی میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت لوگوں کو قرضے دیے جا رہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ طلباء کے لیے سکالر شپس، لیپ ٹاپ، ای بائیکس، آئی ٹی سکلز پروگرا م شروع کیے گئے ہیں۔ ٹیکنالوجی کا صحیح استعمال ضروری ہے، خود کو اپ ڈیٹ نہ کیا تو بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ پاکستان سعودی عرب کی ترقی پر فخر کر تا ہے اور سعودی ٹیکنالوجیکل ٹرانسفارمیشن متاثر کن ہے۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے ماحول دوست اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک فری پنجاب کے ویژن پر کام جاری ہے، آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔ اینٹوں کے تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے۔ ہماری اولین ترجیحی ماحول کو عوام دوست بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سعودی عرب، یمن، نائیجریاسمیت دیگر ممالک کے نیول افسران کے سوالا ت کے جواب دیئے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز سے کمانڈرسنٹرل پنجاب پاکستان نیوی ریئرایڈمرل اظہر محمودنے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں دفاعی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارنہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان نیوی وار کالج میں ملکی اور غیر ملکی افسران کو دی جانیوالی عسکری پیشہ وارنہ تربیت کو بھی سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے میری ٹائم کی ترقی اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے پاک بحری کے اقدامات کی تعریف کی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری،ڈپٹی کمانڈنٹ کموڈور احسان احمد خان، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔