رائیل اسٹیٹ کے کاروبار سے معیشت بہتر ہوگی ،اسلم اقبال ،سرمایہ کاروں کو سہولیات ملنی چاہئیں ،مجیب الرحمن شامی
لاہور ( نمائندہ خصوصی )روزنامہ پاکستان کے زیر اہتمام2 روزہ’’ پاکستان پراپرٹی ایکسپو 2019اینڈ گوادر انوسٹمنٹ کانفرنس‘‘ مقامی ہوٹل میں شروع ہو گئی جس کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں محمد اسلم اقبال اور روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی نے کیا ۔افتتاح کے بعد صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے چیف ایڈیٹر روز نامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی کے ساتھ ایکسپو میں لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ بھی کیا اور سٹالز ہولڈرز سے تبادلہ خیال بھی کیا ۔ روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی دوسری کانفرنس کے پہلے دن مہمان خصوصی صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے پاکستان پراپرٹی ایکسپو کی تقریب سے خطاب میں کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ اس طرح کی ایکسپو سے پاکستان میں نہ صرف رئیل اسٹیٹ کا کاروبار ترقی کرے گا بلکہ پاکستان کی معاشی صورت حال کو بہتر کرنے میں بھی مدد ملے گی ایکسپو میں آنے والے شرکا ء کیلئے فیملی شو کا انعقاد کیا گیا جس میں بر ائیڈل شو اور محفل عارفانہ کلام بھی شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق روز نامہ پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ’’ پاکستان پراپرٹی ایکسپو 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں محمد اسلم اقبال نے کہا ہے کہ آج اس وقت پاکستان کی جو معاشی صورت حال ہے اس کے بارے میں تفصیل سے وجوہات جاننے کی ضرورت ہے کیونکہ جب تک ہم کسی بھی بیماری کی تشخیص نہیں کریں گے تو تب تک اس کا علاج ممکن نہیں ہو سکے گا آج جو ملکی اکانومی جمود کا شکار ہو رہی ہے اس کی تفصیل بتانا چاہتا ہوں کہ ایسا کیوں ہورہا ہے سال 2013میں جب پیپلز پارٹی کی حکومت جارہی تھی تو اس وقت تقریبا 2.5بلین ڈالر تھا جب سال 2018میں (ن) لیگ کی حکومت رخصت ہوئی تو تب 19.18بلین ڈالر رہ گیا تھا، دونوں حکومتوں نے 24ہزارا ر ب روپے قرض لیا۔ انہوں نے پی آئی اے کو خسارے میں ڈال دیا، سوئی گیس کی 2 کمپنیاں بنا کر پرائیوٹائز کرنے کی کوشش کی اور کہتے رہے ملک میں معاشی صورتحال ٹھیک ہے ۔انہوں نے ملکی پراپرٹیز کو گروی رکھ کر قرض لئے جن پرسود حکومت نے ادا کرنا ہے وہ الگ ہے اور یہ وہی قرضے ہیں جن کا سابق حکومتوں میں ہم بطور اپوزیشن جماعت اپنے جلسے جلوسوں اور دھرنوں میں ذکر کرتے رہے کہ اس طرح سے قرض نہ لو وگرنہ ملک میں مہنگائی کا اثر غریب پر پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سمیت پوری کابینہ کواس بات کااحساس ہے ملک میں مہنگائی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب ہم نے ملک کی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات شروع کئے ہیں ،ایک مرتبہ پھر ایمنسٹی سکیم کے تحت لوگوں کو موقع دیا جارہا ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کاری کریں تاکہ معاشی صورت حال میں بہتری لائی جا سکے۔میاں اسلم اقبال نے کہا ایسے لوگ جو پاکستان کی معاشی صورت حال کی وجہ سے سرمایہ کاری کرنے سے بھاگ رہے ہیں ان کو کیسے اپنی طرف لا سکتے ہیں اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کوبریفنگ بھی دی ہے جبکہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ون ونڈو آپریشن کے تحت کام شروع کروادیا ہے وہاں پر کوئی بھی کاروبار کرنے کا خواہش مند ایک سادہ کاغذ پر درخواست دے گا جبکہ ویاں موجود متعلقہ محکموں کے افسران درخواست پر باقی کارروائی مکمل کرینگے اور اس سلسلے کو ہم پنجاب بھر پھیلائیں گے۔ ہم ایک موبائل ایپ متعارف کروارہے ہیں جس کے تحت نیا کاروبار کرنے والا کسی بھی ملک میں بیٹھ کر اس ایپ کے ذریعے کاروبار شروع کر سکتا ہے نیز ہم نے خواتین کو ہنر مند بنانے اور اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے نہ صرف قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ ان کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کیلئے بھی ساتھ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر کے کاروبار پر بہت سی پابندیاں لگائی گئی ہیں جو درست نہیں ہے ان پابندیوں کو ختم کرکے انہیں سہولیات دینے کی ضرورت ہے، رئیل اسٹیٹ کا کاروبار پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ پنجاب سمارٹ ریگولیشنز ایکٹ کی تیاری کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور اس ایکٹ کے نفاذ سے صنعتکاری کا عمل آسان ہوگا جبکہ مختلف محکموں میں موجود فرسودہ اور غیر ضروری قوانین ختم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت بے گھر افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کیلئے 50لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریئل سٹیٹ کا کاروبار پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، گھروں کی تعمیر کے منصوبے سے اس سے وابستہ صنعتیں فروغ پائیں گی اور معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی درست اور جاندار پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ، نئی سرمایہ کاری آنے سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگااور پی ٹی آئی کی حکومت نئی نسل کو ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان دینے کا وعدہ پورا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے باتوں کی بجائے عملی اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معاشی مسائل سب کے سامنے ہیں اس وقت معیشت بحران سے دو چار ہے اس سے حکومت بھی بخوبی واقف ہے اور اس وقت وزیراعظم عمران خان کی بھی پوری کوشش ہے کہ ملک کی معاشی صورت حال کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے 50 لاکھ نئے گھر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے بلند عمارتیں بنانے کی بھی اجازت دی۔مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ ملکی تعمیراتی اور ہاؤسنگ کے شعبے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، ایمنسٹی سکیم دوبارہ آرہی ہے جو لوگ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے انہیں مزید موقع دیا گیا ہے کہ وہ ا سے فائدہ اٹھا سکیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پراپرٹی کا کاروبار کرنے والوں کو بھرپور سہولیات دینے کی ضرورت ہے، ان کی فائلوں کو رکنا نہیں چاہئے کیونکہ یہ کام اس وقت سست روی کا شکار ہے اس لئے ان کی فائلوں پر تیزی سے کام ہونا چاہئے اورسرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنیو الی پالیساں بنانی چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاست صرف انتخابات کے وقت ہونی چاہئے اور جب انتخابات گزر جائیں تو پھر سیاست نہیں ہونی چاہئے،سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل جل کر ملک کی خدمت کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے حوالے سے عوام میں جوش و خروش پیدا ہوا ہے ،تعمیراتی کام کے لوگوں کیلئے گوادر میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں ،دبئی کے مقابلے میں یہاں بھی شہر اور ایک نئی بستی نے قائم ہوناہے سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔انہوں نے صوبائی وزیر صنعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے کہ جس سے رابطے پختہ ہوں تعمیراتی کام آگے بڑھے اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر (ر) رفیق حسرت نے کہا کہ گوادر کے پراجیکٹس آرہے ہیں، گوادر پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، ملکی معاشی صورت حال مشکل حالات سے گزررہی ہے،سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کیلئے کام کرنا ہو گا۔انہوں نے صوبائی وزیر صنعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے آپ سے الگ میٹنگ کرناچاہتا ہوں جس پر صوبائی وزیر نے ان کے مسائل کے حل کیلئے انہیں وقت دیدیا ۔قبل ازیں تقریب کے آغاز میں ایکسپو کے آرگنائز شہزادہ علی ذوالقرنین نے 2روزہ ایکسپو کے پروگرام کی تفصیلات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ روز نامہ پاکستان کے تحت یہ دوسری ایکسپو منعقد ہو رہی ہے جس کا مقصد گوادر کے پراجیکٹس کے بارے میں عوام میں آگاہی فراہم کرنا ہے ہم اس ایکسپو کے ذریعے حکومت وقت کو قابل عمل تجاویز دیں گے اور چاہیں گے کہ حکومت اس پر عمل کرے تاکہ وہاں کے سرمایہ کاروں میں آسانیاں پیدا ہو سکیں۔اس موقع پر تقریب میں چودھری عظمت ،میاں جاوید علی ،گروپ ایڈیٹر کو آر ڈی نیشن ایثار رانا ،علی شامی،میاں اشفاق انجم ،اشفاق رؤف ،نذیر چوہان اور دیگر بھی موجود تھے۔
پاکستان ایکسپو