سابق صدر نکسن کے سیکرٹری چک کالسن کو چند سال قید میں گزارنا پڑے،جو لوگ واٹر گیٹ سکینڈل میں ملوث تھے انہیں قانون کے مطابق سزائیں ہوئیں
مصنف:جسٹس (ر) بشیر اے مجاہد
قسط:80
برادر چودھری فتح محمد صاحب کے دو بیٹے عبدالرزاق اور سجاد احمد اور دو بیٹیاں پروین اور نسرین نیو کاسل میں ہی سیٹل ہیں۔ عبدالرزاق کا ایک بیٹا اور بیٹی ہے۔ بیٹا راشد گریجوایشن کے بعد جرنلزم میں کامیابی اور شوق سے کام کر رہا ہے جبکہ بیٹی راحت چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے اور وہیں نیوکاسل میں ملازمت کر رہی ہے۔ پروین نے گریجوایشن کے بعد سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کر لی اسکا خاوند ظفر انجینئر ہے اور اُن کی دو بیٹیاں عائشہ اور فائزہ ہیں۔ عائشہ نے لاء میں گریجوایشن کی ہے جبکہ فائزہ ابھی زیر تعلیم ہے۔نسرین کی دو بیٹیاں ہیں۔ سجاد کے بھی ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
میرے دوسرے بھائی سردار محمد شاہد بھی نیوکاسل میں ہی سیٹل ہیں۔ ان کے دو بیٹے مقصود شاہد اور منصور شاہد اپنی تعلیم پوری کرنے کے بعد نہایت کامیابی سے پراپرٹی کا کام کر رہے ہیں۔ ان کی تین بیٹیاں ہیں نسیم امریکہ میں شادی شدہ ہے۔ تسنیم نیو کاسل میں اپنے خاوند اور بچوں کے ساتھ رہتی ہے جبکہ چھوٹی شمیم مانچسٹر کے قریب ہڈرزفیلڈ میں رہائش پذیر ہے اور اُس کا خاوند امین اللہ نہایت کامیاب سولسٹر (وکیل) ہے۔ میرے دو بھانجے ریاض خالد اور عابد نیو کاسل میں ہیں۔ اپنا کاروبار کامیابی سے کر رہے ہیں جبکہ ایک بھانجا ساجد جاوید رینالہ خورد میں زمیندارہ اور کاروبار کر رہا ہے۔ جبکہ سب سے چھوٹا شاہد اسماعیل فوج میں کرنل ہے۔ ان کی تین بہنیں ہیں جو اپنے اپنے گھروں میں آباد ہیں۔ یہی مختصر سی میری فیملی ہے۔
چودھری محمد اسماعیل اگرچہ رشتہ میں میرے بہنوئی تھے مگر اس رشتہ کے علاوہ وہ میرے قریبی عزیز بھی تھے۔ وہ محکمہ انہار میں ملازم تھے اور دوران ملازمت ہی 55 سال کی عمر میں انتقال کر گئے جبکہ ہماری ہمشیرہ دو تین بار مختصر وقت کے لئے نیوکاسل میں اپنے بیٹوں کے پاس بھی قیام کے لئے آتی رہی ہیں۔ بالآخر اُن کا بھی آج سے چار سال قبل انتقال ہو گیا۔
مقصود احمد شاہد کی بیٹی مصباح ڈینٹل سرجن ہے جبکہ داماد جاوید معالج ڈاکٹر ہے۔ وہ اپنی چار سالہ بیٹی انعم اور دو سالہ بیٹا عظیم کے ساتھ لندن میں رہائش پذیر ہیں۔جبکہ دو بیٹے عثمان شاہد اور رضوان شاہد تعلیم مکمل کرکے مطمئن زندگی گزار رہے ہیں۔ منصور شاہد اور اس کی بیوی حنا شاہد کے بچے حارث سمیع اور بیٹی زیرِ تعلیم ہیں۔
کینیڈا میں کانفرنس
قیدیوں کے لئے انصاف اور رحم
میں جب لاہور ہائی کورٹ کا جج تھا مجھے کچھ ملکی اور کچھ غیر ملکی ملنے کے لیے آئے انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ امریکن تنظیم ”پرزنرز فیلوشپ موومنٹ“ سے وابستہ ہیں۔ 2002ء کا ذکر ہے انہوں نے مجھے بتایا کہ کس طرح سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کے سیکرٹری چک کالسن کو چند سال قید میں گزارنا پڑے کیونکہ صدر نکسن تو صدارت سے علیٰحدگی کے بعد ایک طرف ہو گئے۔ جو لوگ واٹر گیٹ سکینڈل میں ملوث تھے انہیں قانون کے مطابق سزائیں ہوئیں۔ مسٹر چک کالسن کا بیان ہے کہ قید کے دوران ان کی خواب میں حضرت مسیح علیہ السلام سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے ان سے کہا کہ قیدیوں اور ان کے اعزاء و اقرباء کے لئے رحم دلی، محبت، عفو و درگزر کے جذبات سے کام لیا جائے۔ یہ ٹھیک ہو گا کہ قید کی سزا پانے والے قیدی سے جرم یا جرائم سرزد ہوئے ہوں گے جن کی اُسے سزا دی گئی ہے۔ حضرت مسیحؑ کی خواہش ہے کہ ایسے سزا یافتہ قیدیوں سے بھی محبت اور درگزر کا سلوک کیا جائے کہ بالآخر یہ لوگ بھی انسان ہیں اور اپنے جیسے دوسرے انسانوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کرنے والوں کے ساتھ اگر مہربانی کی جائے تو شاید یہ لوگ اپنی اصلاح کر لیں۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔