انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بین سٹوکس انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے، ان کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔اس کے علاوہ انگلش سکواڈ میں ریحان احمد ،گس ایٹکنسن، شعیب بشیر ، ہیری بروک، برائیڈن کارس ،جارڈن کاکس، ذیک کرالی، بین ڈکٹ ، جوش ہل ، جیک لیچ، اولی پوپ، میتھیو پاٹس ،جو روٹ ، جیمی اسمتھ ، اولی اسٹون اور کرس ووکس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان اکتوبر میں 3 ٹیسٹ میچ کی سیریز شیڈول ہے۔کراچی کے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے پاک انگلینڈ سیریز کے وینیو کی تبدیلی کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے نئے شیڈول کا اعلان کرنا ہے۔ توقع ہے کہ پی سی بی سیریز کے شیڈول کا رواں ہفتے کے آخر تک اعلان کر دے گا۔اس سے قبل ذرائع پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شیڈولڈ ہے تاہم سیریز کا از سر نو شیڈول جلد متوقع ہے۔