برساتی نالوں میں سیلابی پانی کے بہاؤکی بہتری کیلئے ترقیاتی سکیمیں تیار
لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ آبپاشی نے ضلع سیالکوٹ، نارووال اور گوجرنوالہ کے برساتی نالوں میں سیلابی پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے ترقیاتی اسکمیں تیار کرلی ہیں جن پر آئندہ مالی سال کے دوران عمل درآمد ہوگا۔ یہ بات صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان کو چیف انجینئر لاہور خالد حسین قریشی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتائی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی سیف انجم، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) سعید الحسین ہاشمی ، ، چیف انجینئر پلاننگ اینڈ ریویو ملک محمد طارق ، ڈائریکٹر فلڈ عبدالرحیم گریوال اور جنرل مینجر پیڈا چوہدری خاور نذیر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر آبپاشی کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایاگیا کہ سیالکوٹ شہر کی حفاظت کے لئے ’’ایک نالہ‘‘ کی فلڈ مینجمنٹ جبکہ کامونکی شہر اور ملحقہ علاقوں کی حفاظت کے لئے اسکیمیں تیار کر کے نیسپاک کو بھجوا دی گئی ہیں ۔ اسی طرح ڈیک نالہ اور بھین کی کیپسٹی میں اضافہ کرنے کے لے اسکیمیں تیار کی جار ہی ہیں تا کہ شہری آبادیوں کو سیلابی نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اسی طرح پلکھو نالے کی چینلائزیشن کے ساتھ ساتھ لاہور اریگیشن زون میں بہنے والے تمام برساتی نالوں کی بھل صفائی اور کناروں کی مرمت کے لئے منصوبہ تیار کر کے پنجاب حکومت کو منظوری کے لئے بجھوا دیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کے PC-I جلد از جلد مکمل کر کے جمع کروائے جائیں تاکہ حکومتی منظوری سے ان پر ترقیاتی کام شروع ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نالوں کی بہتری و بحالی کے جن منصوبوں پر کام جاری ہے انہیں بھی شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔