کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے سزائے موت کیخلاف رٹ واپس لے لی

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے سزائے موت کیخلاف رٹ واپس لے لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس عبدالشکور پرمشتمل دورکنی بنچ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات کے ترجمان مسلم خان کی ملٹری کورٹ سے سزائے موت کے خلاف دائررٹ واپس لینے پرنمٹادی عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے جمعرات کے روز مسلم خان کی اہلیہ ندا بی بی کی جانب سے دائررٹ کی سماعت شروع کی تو اس موقع پران کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپناکیس واپس لیناچاہتاہے کیونکہ وہ مذکورہ رٹ پٹیشن لاہورہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ میں دائرکرے گا کیونکہ مسلم خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت ملٹری کورٹ نے اٹک قلعہ میں کی تھی اوراس کااقبالی بیان بھی راولپنڈی کی عدالت میں قلمبند کیاگیاہے لہذارٹ پٹیشن واپس لینے کی اجازت دی جائے جس پرفاضل بنچ نے رٹ پٹیشن واپس کرتے ہوئے نمٹادی ۔واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان سوات کے ترجمان مسلم خان کوملٹری کورٹ کی جانب سے سزائے موت دینے کے فیصلے کے خلاف پشاورہائی کورٹ میں رٹ دائرکی گئی تھی اورعدالت عالیہ نے رٹ پٹیشن کی ابتدائی سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کرکے مسلم خان کی پھانسی پرعملدرآمد روک دئیے تھے اوراب درخواست گذار کی جانب سے رٹ پٹیشن واپس لینے پر مذکورہ حکم امتناعی بھی ختم ہوگیاہے ۔