معمولی رقم کے تنازعہ پر بااثر ملزمان نے ملائیشیا پلٹ شہری کی دونوں آنکھیں نکال دیں
بونیر (مانیٹرنگ ڈیسک) بونیر میں ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم ہوگئی، مالی تنازعہ پر بااثر چچا زاد نے ملائیشیا پلٹ شہری کی آنکھیں نکال دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اختر نامی شہری 4 بچوں کا باپ اور ملائیشیا میں محنت مزدوری کرتا ہے۔ اختر کچھ روز پہلے پاکستان آیا تھا جہاں اس کے چچازاد نے اس سے کچھ رقم ادھار لی۔ مقررہ وقت گزرنے کے بعد اختر نے رقم کی واپسی کا تقاضہ کیا تو ملزم طیش میں آگیا اور اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر اختر کی دونوں آنکھیں نکال دیں۔ نجی ٹی وی سماء کا کہنا ہے کہ اختر نے موبائل فون کا چارجر واپس مانگا تھا جس پر ملزم نے اس کی آنکھیں نکالیں۔
ظلم کا نشانہ بننے والے اختر کا کہنا ہے کہ ملزم کا باپ اینٹی کرپشن میں ہے جس کی وجہ سے پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکار کررہی ہے۔ اختر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے او ر اس کو سرکاری خرچ پر علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے۔