جماعت اسلامی لیٹروں اور قبضہ گروپوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی، ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی لیٹروں اور قبضہ گروپوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی، ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( سٹی رپورٹر )امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل ہر محاذ پر چور وں ، لیٹروں اور قبضہ گروپوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں متحدہ مجلس عمل لاہور کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس مو قع پر رہنماجماعت اسلامی پاکستان سابق ایم این اے حافظ سلمان بٹ ، انچارج سیاسی کمیٹی و نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، سینئر نائب صدر ایم ایم اے لاہور حافظ ریاض درانی، ڈپٹی سیکرٹریزایم ایم اے لا ہور چوہدری محمود الاحد، رانا رحمت ، سید جعفر علی ، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عبدالحفیظ اعوان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ایم ایم اے انتخابات میں کرپشن زدہ چوروں ، لیٹروں اور قبضہ گروپوں کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرے گی اور حالیہ انتخابات میں شہر لاہور میں دین سے محبت کرنے والے لوگ موروثی سیاست اور بے حیائی کے کلچر کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے ملک بھر میں کرپشن سے پاک دیانتدار عوامی مسائل کو حقیقی معنوں میں سمجھنے و الی قیادت کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔


2018 ء کے الیکشن میں ایم ایم اے کے امیدواران پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ہم نے 14 قومی او ر 30 صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا جائزہ لیا ہے جس پر تمام شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایم ایم اے قیام کے بعد ہمارا کارکن متحرک ہو ا ہے اور وہ عوام تک ایم ایم اے کے منشور کو پہنچانے اور ان کو قائل کرنے کیلئے پور عزم ہے۔