انگوراڈہ کسٹم ٹرمینل پرتجارتی سرگرمیاں بحال، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری برادر ی میں خوشی کی لہر

انگوراڈہ کسٹم ٹرمینل پرتجارتی سرگرمیاں بحال، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    جنوبی وزیرستان(نمائندہ خصوصی) انگور اڈہ کسٹم ٹرمینل پر تجارتی سرگرمیاں بحال، اغوا شدہ کسٹم افسران کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری جنوبی وزیرستان کے پاک افغان سرحدی علاقے میں واقع انگور اڈہ کسٹم ٹرمینل کو دو سال کی طویل بندش کے بعد ایک بار پھر تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس اہم پیش رفت پر مقامی تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ علاقائی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔چیف کلیکٹر خیبر پختونخواہ خواجہ خرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انگور اڈہ کسٹم ٹرمینل پر آج سے باقاعدہ تجارتی سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف جنوبی وزیرستان اور خیبر پختونخواہ کے عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ اس کا ملکی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بارڈر ٹریڈ کی بحالی سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری آئے گی، جس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی تاجروں کو بھی نئے کاروباری مواقع دستیاب ہوں گے۔چیف کلیکٹر نے 24 روز قبل اغوا کیے گئے کسٹم افسران کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ان کی بازیابی کے لیے اعلیٰ سیکیورٹی حکام سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے مغوی افسران کی غیر مشروط رہائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔انگور اڈہ بارڈر کی بحالی کی خبر سنتے ہی علاقے میں انتہائی خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔