چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا

چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا
چیمپئنز ٹرافی، پاکستان نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا
سورس: Facebook/PakistanCricketBoard

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر اختلافات دور ہونے لگے، پاکستان کے دوٹوک مؤقف نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

نجی ٹی وی آج نیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر رواں ہفتے ہی کسی فیصلے کا امکان بڑھ گیا، پی سی بی کے ٹاپ آفیشلز دبئی میں آئی سی سی سے مذاکرات میں مصروف ہیں۔بھارت ناز نخرے دکھانے کے بعد بیشتر شرائط ماننے پرآمادہ ہوگیا، بھارتی ٹیم کے نہ آنے سے پاکستان کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے معاملے پر بھی غور جاری ہے۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے پارٹنر شپ معاہدہ پیش کیا تھا جس کے تحت بھارت چیمپئنز ٹرافی کے میچز نیوٹرل ویونیو دوبئی میں کھیلے گا جبکہ پاکستان آئی سی سی کے بھارت میں ہونے والے ایونٹس کے میچز بھی نیوٹرل ویونیو پر کھیلے گا، چیمپئنز ٹرافی پر پارٹنر شپ فارمولے پر فریقین کے راضی نہ ہونے پر ووٹنگ ہوگی۔

بھارت سے آنے والی اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی نے پی سی بی کا پارٹنر شپ فارمولا مسترد کردیا تاہم اب چیمپئنز ٹرافی کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا اس کا فیصلہ آئی سی سی بورڈز میٹنگ میں ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

مزید :

کھیل -