آذربائیجان کے سفیر کا سندس فاؤنڈیشن اسلام آباد سینٹر کا دورہ، تھلیسیمیا کے مریضوں کے خاندانوں میں راشن کی تقسیم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) آذربائیجان کے قومی رہنماحیدر علیوف کی 21 ویں برسی کے موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر جناب خضر فرہادوف نے سندس فاؤنڈیشن کے اسلام آباد مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سفیر نے تھلیسیمیا کے مریضوں کے خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے اور قومی رہنما کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
تقریب کے دوران سفیر نے آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کی یاد میں دعا کروائی، جو دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔ خضر فرہادوف نے سندس فاؤنڈیشن کی خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بے مثال خدمات کو سراہا جو وہ تھلیسیمیا اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ادا کر رہی ہے۔آذربائیجان کی جانب سے اس فلاحی کام میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔اس نیک مقصد کے لیے سندس فاؤنڈیشن کا انتخاب ادارے کی صحت کے شعبے میں غیر معمولی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آزربائیجان کے سفیر خضر فرحدوف نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن پاکستان میں خون کے امراض کے خلاف جدوجہد میں صفِ اول پر ہے، مریضوں اور ان کے خاندانوں کو جامع دیکھ بھال اور مدد فراہم کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن کی انتھک محنت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل کی ہے۔ تقریب سے ڈائریکٹر سندس فاوُنڈیشن اسلام آباد سنٹر ائر وائس مارشل ریٹائرڈ آفتاب حسین نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور انکے انسانیت کیلئے خدمت کے جذبے کو سراہا۔