بین الصوبائی قائد اعظم گیمز کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیموں کے تربیتی کیمپس کا آخری روز
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائنٰ) بین الصوبائی قائد اعظم گیمز کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیموں کے تربیتی کیمپس آخری روزنشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں جاری رہے ہیں، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے جمنازیم ہال میں والی بال گرلز اینڈ بوائز کیمپس کا دورہ کیا ہے، انہوں نے کھلاڑیوں کا پریکٹس میچ دیکھا اور کھیل کی تعریف کی۔
ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اس موقع پر کہا ہے کہ قائد اعظم گیمز کی تیاری کے لیے ہمارے کوچز نے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت دی ہے،8دنوں کے کیمپس سے کھلاڑیوں کا کھیل بہترہوا ہے، کیمپس میں کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں،مجھے یقین ہے سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیمیں میڈلز پوزیشن پرپہلے نمبر پر ہوں گی۔
تائی کوانڈو، سوئمنگ، فٹ بال،بیڈمنٹن ودیگر کیمپس میں کوچز نے کھلاڑیوں کو پریکٹس کروائی ہے،اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم اور ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم بھی موجود تھے، اس موقع پر کھلاڑیوں نے ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔