ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ونڈو کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو اب کھل گئی ہے۔ کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تجدید کا اعلان منگل 17 دسمبر کو کیا جائے گا۔کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا عمل رواں ماہ کے دوران کیا جائے گا۔
پی ایس ایل پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری 2025 کو ہونا ہے۔ ڈرافٹ کے مقام اور وقت کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائےگا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹریڈ ونڈو کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ یہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کی تیاریوں کا ایک دلچسپ آغاز ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک ایسا برانڈ ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ 2016 میں اپنے قیام کے بعد سے اپنے فرنچائز مالکان، تجارتی شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ہم نے ایک طویل اور کامیاب سفر کا آغاز کیا ہے۔ کھیلی جانے والی کرکٹ کا معیار اور مسابقت کسی سے پیچھے نہیں ہے اور ہم اپنے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ تاریخی 10 واں سیزن سب کے لیے مزید جوش و خروش لانے کا وعدہ کرتا ہے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم شائقین کو بے مثال تجربات فراہم کرنے کے لیے انتھک محنت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
2016 سے اسلام آباد یونائیٹڈ تین بار چیمپئن بن چکی ہے، جس میں لیگ کا افتتاحی ایڈیشن (2016) تیسرا (2018) اور آخری ایڈیشن (2024) شامل ہے۔ لاہور قلندرز 2022 اور 2023 میں دو بار جیت چکی ہے، پشاور زلمی 2017 کے ایڈیشن کی چیمپئن رہی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 کا ایڈیشن جیتا جبکہ کراچی کنگز نے 2020 میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 2021 میں ملتان سلطانز فاتح بن کر ابھری۔