شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 9 خارجی دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان(ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران 6 خوارج مارے گئے جبکہ 2 خوارج کو گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ خفیہ اطلاعات پر دوسرا آپریشن ایشام میں کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک اور زخمی خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے کو خوارج سے پاک کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل سکیورٹی فورسز نے ڈیر اسمٰعیل خان کے ایک علاقے میں آپریشن میں 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
اس کارروائی سے 3 روز قبل سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 19 خوراج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پشاور ،متنی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19خوراج دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 کمانڈرز سمیت 9 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ جھڑپ تحصیل میر علی کے علاقے برہو خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہوئی، جب سکیورٹی فورسز نے تقریباً 25 عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا، جو علاقے میں ایک میٹنگ کے لئے جمع ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچیں تو فائرنگ کا شدید تبادلہ شروع ہو گیا، ہلاک ہونے والوں میں عسکریت پسند کمانڈر عبدالحق اور معین بھی شامل ہیں، آپریشن کے دوران 7 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے، ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
اس کارروائی سے قبل فورسز کی خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیوں میں 13 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہو گئے تھے۔
اس سے قبل 18 دسمبر کو بھی ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔