تمام مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، صوبائی وزیر بلال یٰسین
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر خوراک پنجاب نے محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان ، ڈی پی او بلال ظفر شیخ ، اے ڈی سیز ، آل اے سیز سمیت دیگر متعلقہ ضلعی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے اس موقع پر محرم الحرام کے انتظامات بارے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوۓ مجالس و جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات بارے آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یٰسین نے ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یٰسین نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ کہا کہ پنجاب حکومت نے امن عامہ کیلئے مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ کنٹرول رومز میں جلوسوں اور مجالس کی ہمہ وقت ماینٹرنگ جاری ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر تمام مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر سیکیورٹی ، صفائی ستھرائی ، لائٹنگ سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انشاء اللہ محرم الحرام میں اتفاق اور اتحاد سے امن کی فضاء برقرار رکھی جائے گی ۔
بعد ازاں صوبائی وزیر بلال یٰسین نے محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو مانیٹر کرنے کے لیے قائم کیے گئے ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو ضلعی کنٹرول روم اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین نے بذریعہ سی سی ٹی کیمرہ جات جلوس کے روٹ پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوۓ اطمینان کا اظہار کیا۔