تمام موبائل نیٹ ورک کیلئے ایزی پیسہ ایپ متعارف کرادی گئی

تمام موبائل نیٹ ورک کیلئے ایزی پیسہ ایپ متعارف کرادی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر) ایزی پیسہ کے نئے اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے اب ٹیلی نار سمیت تمام موبائل نیٹ ورکس کے صارفین ملک کی مقبول ترین برانچ لیس بینکنگ سروس ایزی پیسہ سے مستفید ہوسکیں گے جو اب تک صرف ٹیلی نار کے صارفین کے لیے مختص تھی۔ ایزی پیسہ ایپ کا شمار پاکستان کی مقبول ترین ایپس میں ہوتا ہے اور چھے ماہ کے دوران دو لاکھ سے زائد انسٹالیشن کے ذریعے یہ سب سے زیادہ تیزی سے بڑھتی ہوئی برانچ لیس ایپ کا درجہ بھی حاصل کرچکی ہے۔ایزی پیسہ ایپ کے ذریعے ایزی پیسہ اکاؤنٹ کھلوانا بے حد آسان ہے ، جہاں صارفین صرف اپنے موبائل نمبر اور قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے اندراج کراسکتے ہیں ۔ اندراج کے بعد انھیں ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) ان کے موبائل فون پر ارسال کردیا جاتا ہے جو خود کار طریقے سے ایپ میں شامل ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد صارفین اپنا پسندید ہ پن کوڈ لگا سکتے ہیں اور ایپ میں لاگ ان ہوسکتے ہیں۔ایپ کی نئی سہولیات میں ایپ ہی کے ذریعے پن کوڈ بنانے کی سہولت شامل ہے جس سے فون نمبر کے استعمال کی ضرورت ختم ہوگئی ہے اور ایزی پیسہ سٹور لوکیٹر فیچر کی مدد سے ایزی پیسہ شاپ ڈھونڈنا اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوگیا ہے ۔دیگر سہولیات میں کسی بھی شناختی کارڈ نمبر، اکاؤنٹ نمبر یا ایزی پیسہ اکاؤنٹ پر رقم کی ترسیل کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس کے ذریعے یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کے علاوہ کسی بھی موبائل نیٹ ورک کا بیلنس آسانی سے لوڈ کیا جاسکتاہے۔ایزی پیسہ ایپ نہایت باکفایت ہے جس میں پاکستان کے اندر کسی بھی شناختی کارڈ نمبر پر رقم کی ترسیل مارکیٹ کے مقابلے میں 23فی صد سستی پڑے گی۔ اس کے علاوہ دوسرے ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں ہر ماہ دس مرتبہ بالکل مفت رقم بھیجی جاسکتی ہے۔ہر نئے ایزی پیسہ اکاونٹ صارف کو اس ایپ کے ذریعے اپنے موبائل نمبر پر ایزی لوڈ کی سہولت سے استفادہ کرنے پر ہر ماہ 50روپے کی ٹیکس چھوٹ بطور بونس دی جائے گی۔ایزی پیسہ ایپ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے ایزی پیسہ کے سربراہ محمد یحییٰ خان کا کہنا تھا، ’گزشتہ سات سال کے دوران ایزی پیسہ نے جو اعتماد اور بھروسہ جیتا ہے ، اس کے پیش نظر سبھی ایزی پیسہ کی مالیاتی خدمات سے مستفید ہونا چاہتے تھے مگر اپنے موبائل نیٹ ورک کی بدولت ایسا کرنے سے قاصرتھے۔ اب ایزی پیسہ ایپ کی صارف دوست انٹرفیس اور متعدد چینلز کے ذریعے ہم ملک میں مالیاتی شمولیت کی رفتا ر بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ‘ایزی پیسہ اپنے صارفین کومتعدد سہولیات بشمول USSD، فون بینکنگ ، اے ٹی ایم ، ایس ایم ایس سروس اور ایزی پیسہ ایپ کے مابین کسی بھی سہولت کے انتخاب کی آزادی دیتا ہے۔