سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے وفد نے اپنا ’فیصلہ‘ سنا دیا

سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے وفد ...
سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے وفد نے اپنا ’فیصلہ‘ سنا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے والے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے 5 رکنی وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کے 5 رکنی سیکیورٹی وفد نے قذافی سٹیڈیم لاہور اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا جہاں ایم ڈی راو¿ سردار علی خان اور سی او او محمد کامران خان نے وفد کو سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ 
اس موقع پر زمبابوے کے سیکیورٹی وفد کو ائیرپورٹ، سٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور پولیس فورس سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ سری لنکن اور بنگلہ دیشی ٹیمز کے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بھی بتایا گیا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں دی گئی بریفنگ پر زمبابوے بورڈ کے سیکیورٹی وفد نے اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا جبکہ دورے کے اختتام پر زمبابوے کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد کو شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔
دوسری جانب پاکستان کا دورہ کرنے والی زمبابوے کرکٹ ٹیم چامو چیبابا کی قیادت میں 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور اس دوران پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچز اور اتنے ہی ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ 
زمبابوین کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق ٹیم میں سکندر رضا، ریان برل، بران چاری، دیندائی چاٹارا، ایلٹن چگمبورا، تیندائی چیسورو، کریگ ارون، کامون ہوکاموے، ویسلے میڈہیور، ویلنگٹن مساکیڈزا، کارل ممبا، رچمنڈ متمبامی، بلیسنگ مازارابانی، رچرڈ ناراوا، ملٹن شومبا، برینڈن ٹیلر، ڈونلڈ تیریپانو اور شون ولیمز شامل ہیں۔

مزید :

کھیل -