پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑی مالکان کے لیے خوشخبری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑی مالکان کے لیے خوشخبری۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب گاڑیوں کے لیے من پسند نمبر پلیٹ سکیم کا اجراء کرنے جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز فیصل فرید نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد سکیم کا باقاعدہ اجراء کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ من پسند نمبروں کااجراء کمپیوٹرائزڈ نیلامی کے ذریعے ہو گا۔ من پسند نمبروں کی3 کیٹگریز رکھی گئی ہیں۔ کارپوریٹ کیٹگری کے تحت نمبر پلیٹ پر کمپنی کا نام لکھوایا جاسکے گا۔ پلاٹینم کیٹگری کے تحت اپنا یا کسی بھی پیارے کا نام لکھوایا جا سکے گا جبکہ گولڈ کیٹگری کے تحت3 من پسند حروف اور3 ہند سے لکھوائے جا سکیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نمبر پلیٹ کے لیے مذہبی سیاسی یا سماجی منافرت پر مبنی لفظ یا ہندسہ الاٹ نہیں ہو گا۔ مزید معلومات محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔