کراچی میں پانی کی قلت 

  کراچی میں پانی کی قلت 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رواں ماہ گرمی کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور پارہ 40 ڈگری تک جا پہنچا ہے، درجہ حرارت میں اضافہ ہوتے ہی کراچی میں ایک مرتبہ پھر پانی کی فراہمی میں شدید کمی واقع ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پانی کی سپلائی لائن گذشتہ چند روز سے زیر مرمت ہے جس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں کے رہائشی بِلبلا اُٹھے ہیں۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مرمت کا کام تیزی سے مکمل کرنے کے بجائے شہریوں کو کم پانی میں گذارا کرنے کی تلقین کر رہا ہے۔ بدقسمتی سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں تعطل آنا کوئی نیا اور انوکھا واقعہ نہیں ہے، شہریوں کو آئے روزایسی ہی کیفیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہی وہ ایام ہوتے ہیں جب واٹر ٹینکرز مالکان کی چاندی ہوجاتی ہے، وہ مجبور شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کرتے ہیں۔ کراچی کے عوام پانی کے حصول کے لئے ماہانہ اربوں روپے خرچ کرنے پر مجبور ہیں، میئر کراچی کو چاہئے کہ وہ واٹر بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مطلوبہ اقدامات کریں تاکہ شہری سُکھ کا سانس لے سکیں۔

٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -اداریہ -