سعودی عرب، ریاض اور مضافات میں ریت کا طوفان ،حدنگاہ انتہائی کم

ریاض(آئی این پی )سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور مضافات کوریت کے طوفان نے لپیٹ میں لے لیا ہے عرب نشریاتی ادارے کے مطابق ریاض اور اس کے مضافات میں انتہائی تیز ہوائوں نے دارالحکومت کے علاقے کو شدید گرد و غبار سے ڈھانپ لیا ۔
ریت کے اس طوفان نے اسکائی لائن کو گرد و غبار کے بادلوں سے ڈھانپ دیا ہے جس کے نتیجے میں حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے ۔روڈ سیفٹی سے متعلق سعودی اتھارٹی اور سعودی ہائی وے سکیورٹی نے طوفانی صورت حال میں گاڑی چلانے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سڑکوں پر انتہائی احتیاط سے کام ۔
سعودی عرب شہری دفاع سے متعلق ادارے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ طوفان کے ختم ہونے تک ریت والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں نیز محکمہ موسمیات کی طرف سے ملنے والی اطلاعات اور رہنمائی کے مطابق باہر نکلیں ۔ سرکاری محکموں کی رپورٹس کے مطابق اس طوفان کی وجہ سے سمندری لہریں 1.5 میٹر سے 3 میٹر تک کی بلندی کو پہنچ سکتی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ خلیج عرب میں یہ تیز ہوائیں شمال مشرق سے شمال مغرب کی طرف چل رہی ہیں علاوہ ازیں مملکت کے کئی حصوں میں گرد و غبار سے اٹے طوفان کی پیش گوئی سامنے آئی تھی جبکہ قومی مرکز برائے موسمیات کی طرف سے کی گئی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ، ریاض، قسیم میں اولے پڑنے اور مشرقی و شمالی سرحدی علاقوں کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ، اولوں اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔