کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر آن لائن سروس کا رائیڈر جاں بحق
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب فائرنگ سے آن لائن موٹر سائیکل سروس کا رائیڈر ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔
جیو نیوز کے مطابق گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا، ہلاک شخص کی شناخت 40 سال کے فہد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔فہد حسین آن لائن سروس کا رائیڈر اور کورنگی کا رہائشی تھا ، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت پر پیش آیا۔ ویڈیو میں فہد حسین کو درخت کے نیچے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے، 2 ملزمان فہد سے موبائل فون چھین کر فرار ہوئے ،فہد نے مزاحمت کی تو ایک ملزم نے اس کو پیچھے سے پکڑا جبکہ دوسرے ملزم نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے واقعہ کی جگہ سے کرائم سین یونٹ نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں ۔واضح رہے کہ شہر میں رواں سال ڈاکوؤں کے ہاتھوں ہلاک افراد کی تعداد110ہوگئی ہے۔