ایکسل لوڈ کا نفاذ کسی صورت قبول نہیں‘ ملک سوہنی

  ایکسل لوڈ کا نفاذ کسی صورت قبول نہیں‘ ملک سوہنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور (سٹی رپورٹر)آل پاکستان فروٹ و سبزی منڈیوں کے مرکزی صدر ملک سوہنی نے ایکسل لوڈ کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نفاذ سے تاجروں اور عوام کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑیگا جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب روڈ سبزی منڈی میں منعقدہ آڑھتیوں اور تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیر علی مرجان‘ حاجی محترم گل‘ محمد شفیق‘ حاجی باغچہ گل اور طارق جان سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انقلاب روڈ سبزی منڈی کے آڑھتیوں اور تاجروں نے اپنے مسائل بھی بیان کئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک سوہنی نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ایکسل لوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا تھا جس سے تاجروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ اس کے نفاذ سے ایک ٹریلر کا مال دو ٹریلر میں تقسیم کیا جائیگا جس سے براہ راست تاجر متاثر ہوں گے۔ انہوں نے انقلاب روڈ سبزی منڈی کے آڑھتیوں اور تاجروں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آڑھتیوں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانے سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جہاں کہیں بھی آڑھتیوں اور تاجروں کو مشکلات درپیش ہوں گی اس کے حل کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔