لاہور پولیس منظم جرائم کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،سی سی پی او
لاہور(کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے انسپکٹر حسنین جاوید کوپریزیڈنٹ پولیس میڈل(تمغہ شجاعت) لگایا۔ وفاقی حکومت نے انسپکٹر جاوید حسنین کوپریزیڈنٹ پولیس میڈل(تمغہ شجاعت) دینے کی منظوری دی۔ سی سی پی او لاہور نے انسپکٹر حسنین جاوید کو بے مثال جرات و بہادری پرتمغہ شجاعت کیلئے نامزد کیا تھا،پولیس ٹیم نے نومبر 2023ء میں 15کال پرکارروائی کرکے ڈاکوؤں کو جہنم واصل کیا تھا جنہوں نے اقبال ٹاؤن کے کالج بلاک میں شہری کے اہلِ خانہ کو یرغمال بنارکھا تھا۔ ڈاکوؤ ں میں محسن عرف گوگی،وسیم ولد شریف،عمران ولد اللہ دتہ، نعمان ولد عبدالمجید، علی رضا ولد رحمت اور علی رضا ولد منشاء شامل تھے۔ سابقہ ریکارڈ یافتہ ڈاکوؤں کا تعلق میاں چنوں سے تھااور وہ25سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔سی سی پی او لاہورنے جان پر کھیل کرڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچانے پر انسپکٹر حسنین جاوید اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر کے سامنے سینہ سپرپولیس جوان فورس کیلئے مشعل ِ راہ ہیں۔ پولیس کے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی اورویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے، لاہور پولیس آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کیلئے پْرعزم ہے۔ انسپکٹرجاوید حسنین نے پریزیڈنٹ پولیس میڈل پر سی سی پی او لاہورکا شکریہ ادا کیا۔