مستحق خواتین میں مادہ جانوروں کی تقسیم
دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کر کے غربت ختم کرنے کے لئے محکمہ لائیو سٹاک نے جنوبی پنجاب کی 10 ہزار بیوہ اور مستحق خواتین میں مادہ جانور تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے کے 11اضلاع کی خواتین کو دو مرحلوں میں یہ جانور دئیے جائیں گے جس سے ایک طرف مستحق خواتین کی مدد ہو گی تودوسری طرف دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہوسکے گاتاہم اِس پروگرام کی کامیابی اور مستحقین تک اُن کا حق پہنچانے کے لئے حکومت کو کڑی نگرانی بھی کرنا ہو گی کیونکہ ماضی میں اِس طرح کے حکومتی پروگراموں میں کرپشن کی بے شمار مثالیں موجود ہیں، بدعنوان عناصر نہ صرف من پسند افراد کو نوازتے ہیں بلکہ مالی بے ضابطگیوں کے بھی مرتکب پائے جاتے ہیں۔ ضرورت مند خواتین تک اُن کا حق بغیر کسی پریشانی اور رکاوٹ کے اُسی صورت میں پہنچ سکتا ہے جب پروگرام کی کڑی نگرانی کی جائے جبکہ جزا اور سزا کا نظام بھی مکمل طریقے سے فعال ہو۔