سندھ کے عوام بھٹو کے نام کی وجہ سے نہیں ہمارے کام کی وجہ سے ووٹ دیتے ہیں، آصف علی زرداری کا انٹرویو
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام بھٹو کے نام کی وجہ سے نہیں بلکہ ہمارے کام کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔
جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے سندھ میں صرف ایک پل بنوایا تھا وہ بھی ان کی اپنی زمینوں کی طرف جاتا تھا لیکن ہم نے چھ پل بنوائے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے نظام میں بہت بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 2035 تک حکومت میں بیٹھے رہنے کا پلان بنا چکے تھے لیکن ہم نے ان کا پلان ناکام کردیا، جنرل باجوہ نے ہمیں آفر کی تھی کہ اگر آپ عدم اعتماد کی تحریک نہ لے کر آئیں تو وہ عمران خان سے استعفیٰ لے کر انتخابات کروا دیں گے لیکن ہم نے ان کی یہ آفر قبول نہیں کی۔
سابق صدر نے کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ سے ایک بلٹ پروف گاڑی لی تھی ، جس کی مکمل قیمت بمعہ ٹیکس ادا کی گئی تھی کیونکہ ان کی جان کو خطرہ تھا لیکن انہوں نے عمران خان کی طرح تحفے کو فروخت نہیں کیا۔