پڑھو نہ پڑھو فیس تو دو

  پڑھو نہ پڑھو فیس تو دو
  پڑھو نہ پڑھو فیس تو دو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

 وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات صاحب نے اپنی حکومت کے پہلے سو دنوں میں شعبہ تعلیم میں بہتری لانے کے لیے بہت موثر اقدامات کئے جس طرح آپ نے بوٹی مافیا اور اساتذہ کے روپ میں چھپی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کیا انہیں جیلوں کا راستہ دکھایا سفارش کلچر کی کمر توڑ دی پریکٹیکل میں پورے نمبر لگانے والوں اور طلبہ سے لین دین کرنے والوں کو نوکریوں سے نکالا امتحانی مراکز میں کیمرے نصب کروائے بلا شبہ آپ کے یہ کام قابل تعریف ہیں لیکن میرے خیال میں آپ کو ابھی اور محنت کرنا ہوگی اس وقت طلبہ کے والدین شدید پریشان ہیں جن لوگوں نے اچھی تعلیم کے حصول کے لیے اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولز میں داخل کروا لیا اب وہ بری طرح سکول انتظامیہ کے شکنجے میں پھنسے ہوئے ہیں سکول انتظامیہ نے ماں باپ کو قید کرنے کے لیے چھٹیوں کے کام کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے پہلے ماہ کی فیس ادا کریں اور ہوم ورک لے جائیں دوسرے ماہ کی فیس ادا کریں ہوم ورک لے جائیں تیسری قسط ادا کریں تیسرے ماہ کا ہوم ورک وصول کر لیں جب سکول کی فیس ترتیب دی جاتی ہے تو اس میں سکول کا کرایہ اساتذہ کی تنخواہیں دوسرے سٹاف کی تنخواہیں بجلی کمپیوٹر لیب کھیلوں کے سامان کے اخراجات پانی کے پیسے اور پھر سکول کا منافع شامل کیا جاتا ہے تب جا کر ایک فیس چارٹ مکمل ہوتا ہے جناب وزیر تعلیم اس جگہ رکیں اور غور فرمائیں ان تین ماہ میں بجلی پانی کمپیوٹر لیب ٹرانسپورٹ کھیلوں کا سامان اور بہت سے دوسرے اخراجات نہیں ہوتے لیکن اس کے باوجود پرائیویٹ سکولز والدین سے پوری فیس وصول کر رہے ہیں میرے خیال میں یہ مجبور والدین کے ساتھ سراسر زیادتی ہے اگر آپ کو فرصت ملے تو پرائیویٹ سکول انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر سکول میں بچوں کو دی جانے والی سہولتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ سکولوں کو گروپ اے بی سی میں تقسیم کریں اور چھٹیوں کی فیسوں میں کم از کم پچاس فیصد کمی کی کوئی ترتیب بنائیں ویسے بھی ان پرائیویٹ سکولز نے آج تک وطن عزیز کو کوئی نیوٹن،میکا ولی، البیرونی سقراط، ارسطو یا افلاطون نہیں دیے ان پرائیویٹ سکولوں سے پڑھنے والے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں انٹرنیشنل اور ملکی مارکیٹ میں کوئی بہت بڑا نام پیدا نہیں کر سکے اس کے برعکس اگر ہم اپنے ہمسایہ ملک بھارت کی مثال لیں ان کے طلبہ اس وقت ساری دنیا میں آئی ٹی کے میدان میں بہت بڑے مقام حاصل کر چکے ہیں جو کروڑوں ڈالر ماہانہ اپنے ملک بھیجتے ہیں اس وقت دنیا میں مائیکروسافٹ، گوگل،نورٹس، آئی بی ایم سٹار بکس، ارٹیکس، مائکرون، سی ڈی این ایس کے علاوہ بہت سے اداروں میں بطور سی ای او فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ وطن عزیز میں صرف سوشل میڈیا پر ریاست کے خلاف زہر اگلنے والوں کا علاج بھی ہم چائنہ سے لے کر آ رہے ہیں جناب وزیر تعلیم برائے کرم آپ نوجوان ہیں زیادہ باہمت اور فہم و فراست کے مالک ہیں تعلیم کی کوالٹی کو بہتر اور موثر بنانے کے لیے محکمہ تعلیم سے ماہرین کو اکٹھا کریں ہمارے نصاب کو از سر نو ترتیب دیں یقین کریں پہلی کلاس کے بچوں کا بیگ بیس کلو کا ہوتا ہے جو ان بچوں کے ساتھ زیادتی ہے انگریزی کو صرف ایک زبان کے طور پر پڑھائیں اسے فرض کی حیثیت نہ دیں زیادہ تر نصاب اردو میں منتقل کریں تاکہ بچوں کی اپنی زبان سے وابستگی رہے ماہرین کے ساتھ ہفتہ وار میٹنگ رکھیں پہلے مرحلے میں پہلی کلاس سے پانچویں تک کے نصاب کا جائزہ لیں اس میں سے غیر ضروری چیزیں نکال دیں پھر مڈل میٹرک انٹر اور ڈگری کلاسز کے نصاب کا جائزہ لیں ذرا غور تو فرمائیں ہمارے بچے پڑھ کیا رہے ہیں مسئلہ فیثا غورث عملی زندگی میں سوائے میٹرک کے ہمیں کہیں نہیں ملا ہم نے کیا لینا ہے مسٹر چیف سے بچوں کو تعداد اور وزن میں کم لیکن زیادہ موثر کتابیں پڑھائیں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے کام کی رفتار کو اور تیز کریں تاکہ جلد از جلد ہمارا نظام اچھے ڈاکٹر، انجینیئر، آئی ٹی سپیشلسٹ، بینکر اور سافٹ ویئر انجینیئر پیدا کرنا شروع کر دے ان تمام کاموں کی ابتدا پرائیویٹ سکولز کی چھٹیوں کے باوجود سو فیصد فیس کے حصول سے کریں یقین کریں مہنگائی نے طلبہ کے والدین کی کمر توڑ دی ہے آ پ عملی طور پر اس مجبوری کو محسوس نہیں کر سکتے کیونکہ خوش قسمتی سے آ پ کا تعلق ملک کی ایلیٹ کلاس فیملی سے ہے اگر آ پ والدین کی مجبوریاں جاننا چاہیں تو اپنے پی اے،پی ایس او، سیکرٹری، سٹینو،آفس بوائے،ڈرائیور،مالی یا ٹیلی فون آپریٹر کے ساتھ ایک کپ چائے کا نوش فرما لیں اور ان سے گپ شپ کریں تو آپ بخوبی جان جائیں گے کہ آ ٹے تیل کا بھاؤ کیا ہے میں جانتا ہوں کہ پرائیویٹ سکولز کے مالکان بہت مضبوط گروپ ہیں وہ آپ کو آسانی سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرنے دیں گے لیکن یہ بھی واضح ہے کہ وہ جتنے بھی طاقتور اور مالدار ہوں آ پ سے زیادہ نہیں آپ کا خاندانی اثر و رسوخ اور آپ کے قلم میں اللہ تعالی نے بہت طاقت رکھی ہے برائے کرم اس کا استعمال کر جائیں اگر آپ یہ نہ کر پائے تو اگلا کوئی وزیر جو آپ جیسے بڑے اور مضبوط خاندان کا فرد نہ ہوا تو وہ بالکل نہیں کر سکے گا اللہ کریم آپ کا مددگار اور حامی و ناصر ہو۔ آمین۔

مزید :

رائے -کالم -