سینیٹ ضمنی انتخاب: پیپلز پارٹی کے4 ، (ن )لیگ اور جے یو آئی کا ایک ایک سینیٹر منتخب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا رکن منتخب ہونے کے بعد چھوڑی گئی سینیٹ کی 6 نشستوں کے لئے ضمنی انتخاب ہوا جس میں سے 4 پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز" کے مطابق سینیٹ کے لئے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جبکہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لئے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔
اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔سینیٹ کی ایک نشست کے لئے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے، قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کئے گئے، بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے 61 اراکین نے ووٹ کاسٹ کئے۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوئے، مسلم لیگ (ن) کے میر دوستین ڈومکی نے17 ووٹ حاصل کئے، جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔