ہیلتھ منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے، شہباز حسین
ملتان(وقائع نگار)سپیشل سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے شعبہ صحت کے منصوبہ جات کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان منصوبوں کے ثمرات جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں۔ یہ باتیں انہوں نے ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں محکمہ صحت کی نئی و جاری ترقیاتی اسکیموں پر پیشرفت بارے جائزہ ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹریز(بقیہ نمبر2صفحہ7پر)
شاہد عباس جوئیہ اور شیخ محمد طاہر، ڈپٹی سیکریٹریز سجاد حسنین اور صابرحسین سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جبکہ ڈیرہ غازیخان، مظفرگڑھ، راجن پور اور لیہ کے چیف ایگزیکٹیو افسران صحت اورضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ اجلا س کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر کی 37ترقیاتی اسکیموں پر کا م جاری ہے۔ جن میں ضلع ڈیرہ غازیخان کی9، مظفرگڑھ کی10،راجن پورکی 8اور لیہ کی10 اسکیمیں شامل ہیں۔ سپیشل سیکریٹری محمد شہباز حسیننے راجن پور، لیہ اور مظفر گڑھ میں جاری فنڈ ز کے استعمال میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ چیف ایگزیکٹیو افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں پر کا م کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے۔