کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد

کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد
کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد
سورس: Representational Image

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، مقتولہ کو اس کے شوہر نے منصوبہ بندی کرکے قتل کیا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش ملی ۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ مقتولہ 5 بچوں کی ماں تھی اور آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا ۔  شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 16/A  منگل بازار کے قریب گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش ملی اطلاع ملنے پر شاہ لطیف تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 43 سالہ پروین زوجہ علی حسن شیخ  کے نام سے کی گئی۔ مقتولہ کے بچوں کو 3 روز قبل  لاڑکانہ بھیجا گیا تھا۔ ایس ایچ او شاہ لطیف انسپکٹر ممتاز مروت نے بتایا کہ واقعے کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی اور دو منزل مکان کے گراؤنڈ فلور پر رہائش پزیر تھی جبکہ  بالائی منزل پر مالک مکان رہتا ہے۔

مالک مکان نے اوپر سے اترتے ہوئے روشن دان سے دیکھا کہ خاتون خون میں لت پت پڑی ہوئی ہے جس پراس نے فوری طور پر مددگار 15 پر پولیس کو اطلاع دی۔ شاہ لطیف تھانے کی پولیس جب گھر پہنچی تو خاتون کی چار پائی پر لاش پڑی ہوئی تھی اور سر تن سے جدا تھا۔ علاقہ پولیس نے فوری طور پر پولیس کے فارنزک ڈیپارٹمنٹ کے ماہر اہلکاروں کو طلب کر لیا۔  فارنزک ڈپیارٹمنٹ کے اہلکاروں  نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اور فنگر پرنٹس اکھٹے کر لیے۔ پولیس نے گھر کے عقبی حصے کی تلاشی لی تو وہاں مقتولہ کا شوہر چھپا بیٹھا تھا جس کے کپڑے خون میں لت پت تھے اور آلہ قتل تیز دھار چھری بھی پڑی ہوئی تھی۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو فوری طور پر حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا ، ابتدائی تحقیقات میں علی حسن شیخ نے اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیوی کی نعمان نامی لڑکے سے دوستی تھی۔  متعدد بار اس نے نعمان سے ملنے کو منع کیا تھا تاہم وہ نہیں مانی جس پر اس نے چند روز قتل اپنی اہلیہ پروین کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی اور بچوں کا لاڑکانہ آبائی گاؤں بھیجا۔  منگل اور بدھ کی درمیانی شب سوتے میں اس نے پروین کو ذبح کر دیا۔ پولیس نے ملزم کے اعترافی بیان پر اسے باقاعدہ گرفتار کر لیا ۔