سعودی عرب کے خلاف سازش کرنیوالے خفیہ ہاتھ کاٹ دیں گے ، شاہ سلیمان

سعودی عرب کے خلاف سازش کرنیوالے خفیہ ہاتھ کاٹ دیں گے ، شاہ سلیمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ریاض(آن لائن ،اے این این) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف سازش کرنے والے خفیہ ہاتھ کاٹ دیں گے،حجاج کرام کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا،سعودی عرب میں بد امنی،سیاسی انارکی ،فرقہ واریت یا عالم اسلام میں انتشار پھیلا کر ہمارے ملک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا اور نہ کسی دشمن ملک کی سازشوں سے سعودی عرب کی حجاج ومعتمرین کرام کی خدمت کے فریضے کی انجام دہی میں کسی قسم کی منفی اثرات مرتب کیے جاسکتے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ ان کا ملک کسی خفیہ ہاتھ کو اپنی مکروہ سازشوں کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے تمام تر صلاحیتیں اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور ان کے تحفظ و سلامتی کے لیے وقف کر رکھی ہیں۔ سعودی عرب کا کوئی دشمن ہمیں حجاج کرام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔شاہ سلمان نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں منی کے مقام پر حج کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والے حادثے پر سعودی عرب کے ساتھ اظہار ہمدردی پر پورے عالم اسلام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منی حادثے میں شہید ہونے والوں کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔شاہ سلمان نے کہا کہ منی حادثے کے بعد بعض دشمن عناصر کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف ایک منفی اور مکروہ سازشی مہم چلائی گئی مگر ہم اس طرح کی سازشوں اور ان کے پیچھے سرگرم خفیہ ہاتھوں کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے گھرکی زیارت کے لیے آنے والے فرزندان توحید کی خدمت اور ان کا تحفظ ہماری دینی اورقومی ذمہ داری ہے۔ کوئی دشمن ہمیں اس ذمہ داری کی انجام دہی سے نہیں روک سکتا۔شاہ سلمان نے جمہوریہ یمن میں مستحکم قومی حکومت کے قیام اور امن وخوشحالی کے قیام تک صنعا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان و موریتانیہ کے صدر محمد ولد عبدالعزیز کے ساتھ ہوئی بات چیت اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے سلسلے میں مذاکرات کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد وزیرثقافت واطلاعات ڈاکٹر عادل بن زید الطریفی نے اپنے ایک بیان بتایا کہ کابینہ نے شاہ سلمان کی جانب سے مسجد حرام میں کرین حادثے میں شہید اور زخمی ہونے والے حجاج کرام کے لواحقین کو معاوضوں کی ادائی کا حکم دینے کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی جانب سے شاہ سلمان کے اس شاہی فرمان کا بھی خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے منی حادثے اور کرین حادثے میں شہید ہونے والے مسلمانوں کے لواحقین کے عمرہ کی ادائی کا حکم صادر کرکے عالم اسلام کے دل جیت لیے تھے۔

مزید :

صفحہ اول -