”وزیر اعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام“سے ڈیڑھ لاکھ شہری مستفید ہونگے:عثمان بزدار

 ”وزیر اعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام“سے ڈیڑھ لاکھ شہری مستفید ہونگے:عثمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے ٹیوٹا کے زیر اہتمام پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ”وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام“ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی،جس سے ابتدائی طورپر ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ اور جدید تقاضوں کے مطابق 56 جدید کورسز کرائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وزیراعلیٰ نے ایکسپو سنٹر میں ”وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام“ کے تحت نمائش کا بھی افتتاح کیا، سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے نوجوانوں سے ٹیکنیکل سکلز میں ان کی دلچسپی کے بارے میں دریافت کیا،وزیراعلیٰ نے سٹالز پر رکھی اشیاء،روبوٹس اور دیگر سامان میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹاکانفرنس 2019 کے تحت ”وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام“کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 4 سال میں بتدریج بڑھاتے ہوئے پونے 9 لاکھ مزید نوجوانوں کو”وزیراعلیٰ ہنر مند نوجوان پروگرام“کے دائرہ کار میں شامل کریں گے،روزگار کی فراہمی کے قومی ہدف کا تقریباً60 فیصد پنجاب گروتھ سڑٹیجی 2023 کے تحت پورا کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ”وزیراعلیٰ ہنر مند نو جوان پروگرام“ وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کیلئے وژ ن کا عکاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اخلاص سے پی ٹی آئی حکومت روزگار کے وعدے پورے کریگی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ   "وزیراعلیٰ  ہنرمند نوجوان پروگرام " رسمی پراجیکٹ نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی معاشی قسمت بدلنے والا گیم چینجر منصوبہ ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈونرز،ٹیوٹا حکام اورنجی صنعتی اداروں کی خدمات کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال اور چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ خدا کے بے پایاں فضل و کرم اور متعلقہ محکموں کی شبانہ روز محنت سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو کھول دیاگیا ہے اس ضمن میں ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے اور ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -