وفاقی حکومت کا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے جارہی ہے ، ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہو چکا ہے اب کہنا چاہتے ہیں کہ نو مور ، اس ملک کو آگے لے جانا ہے تو پی ٹی آئی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کا کیس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا، بہت واضح ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے، حکومت پی ٹی آئی پر پابندی کے لئے کیس دائر کرے گی۔سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کی جائے گی ۔ نظرثانی کا فیصلہ حکومت اوراس کے اتحادیوں کا ہے۔
عطا رڑ کا کہناتھا کہ عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، ان تینوں اشخاص کے خلاف کابینہ سے منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تاثرہے کہ ان پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا، ہمارے تحمل اور بردباری کو ہماری کمزوری سمجھا گیا ہے، ہمیں سیاسی تربیت دی گئی ہےکہ سیاسی مخالفین کی عزت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فاشسٹ حکمران تھے، ماؤں بہنوں کو گرفتار کیا گیا، شہباز شریف نے پی ٹی آئی دور میں کہا تھا کہ میثاق معیشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائرکی جائے گی، نظرثانی کا فیصلہ حکومت اوراس کے اتحادیوں کا ہے۔