کورونا سے صحتیاب ہونیوالے ایم این اے کی اسمبلی میں طبیعت بگڑگئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ دنوں کورونا وائرس کو شکست دینے والے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کی اسمبلی اجلاس کے دوران طبعیت بگڑ گئی جس پر انہیں فوری پولی کلینک منتقل کردیا گیاہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی منیر اورکزئی صحتیابی کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے جہاں ان کی اچانک طبعیت بگڑ گئی۔ڈپٹی اسپیکر نے منیر اورکزئی کے لیے فوری ڈاکٹرز کو طلب کیا جب کہ اس دوران کئی ارکان اسمبلی نے ان کو سنبھالا دیا تاہم کچھ دیر بعد منیر اورکزئی کو پولی کلینک منتقل کردیا گیا۔
منیر اورکزئی کا ٹیسٹ گزشتہ ماہ اپریل میں مثبت آیا تھا۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے منیر اوکزئی کے بیٹے اختر منیر نے والد میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منیر خان اورکزئی ملاقات کے لیے آئے کسی متاثرہ شخص کی وجہ سے بیمار ہوئے۔
اختر منیر اورکزئی نے بتایا کہ منیرخان اورکزئی گزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورمیں وینٹی لیٹرپر تھے تاہم اب ان کی طبیعت بہترہے۔انہوں نے بتایا کہ والد منیر خان اورکزئی لاک ڈاون کی صورتحال میں گھر پر ہی رہے ہیں، ہماری فیملی کے دیگرممبران کےبھی کورونا کے ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں ۔
خیال رہے کہ منیر خان اورکزئی ایم ایم اے کے کرم ضلع سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی ہیں۔