بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں پاک فضائیہ کے دستے کی شرکت ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بحرین میڈل سے نوازا گیا
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )بحرین کےشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے بحرین کے نائب بادشاہ شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر سٹاف کو بحرین میڈل فرسٹ کلاس سے نوازا۔ بحرین کے سخیر ایئر بیس پر پاک فضائیہ کےائیر چیف کو یہ تمغہ دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے ان کی شاندار کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ تقریب میں مملکت بحرین کی اعلیٰ سول اور فوجی قیادت نے شرکت کی۔
ان کے رائل ہائیز نے بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں فضائی اور زمینی عملے کے ساتھ جے ایف 17۔ Block-III لڑاکا طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کے دستے کی شرکت پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات کو خراج تحسین کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے بحرین میڈل فرسٹ کلاس حاصل کرنے کے اعزاز پر اظہار تشکر کیا۔
ایک الگ ملاقات میں چیف آف دی ایئر سٹاف نے بحرین ڈیفنس فورس کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔
علاوہ ازیں بحرین انٹرنیشنل ائیر شو کے موقع پر نویں فضائیہ (یو ایس ائیر فورس سینٹرل کمانڈ – اے ایف سی ای این ٹی) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈیرک فرانس نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ائیر چیف نے دونوں سٹریٹجک شراکت داروں کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمانڈر AFCENT نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور مشترکہ تربیت، باہمی مشقوں اور فوجی تعاون کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔