بارودی سرنگوں کے 3دھماکے، سکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار شہید، 3 زخمی
کرم ایجنسی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک افغان خرلاچی بارڈر کے قریب بارودی سرنگوں کے تین دھماکوں میںسکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق پاک افغان سرحد پر خرلاچی چیک پوسٹ کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی کہ وہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر امدادی کارروائی کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے اہلکار موقع پر پہنچے تو ان کی گاڑی بھی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں دو دھماکے ہوئے ۔
یہ خبر بھی پڑھیں: دہشتگردی کیخلاف جنگ دہرے معیار کے بغیر لڑی جانی چاہئے،خودمختار ریاستوں کے معاملات میں مداخلت سے افراتفری پھیلتی ہے،روسی صدر
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تین دھماکوں کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب بارودی سرنگوں کے دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو کلیئر کرانا شروع کردیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔