وزیراعلیٰ کا ہمت کارڈ رکھنے والے خصوصی افراد کیلیے ایک اور تحفہ ، مفت سفر کی سہولت فراہم کر دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے افراد باہم معذوری کے لیے ایک اور شاندار تحفہ پیش کر دیا۔ ہمت کارڈ رکھنے والے خصوصی افراد کواورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کر دی گئی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے اورنج لائن میٹرو سٹیشن پر مفت سفری سہولت کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ "یہ سہولت ہفتے کے ساتوں دن دستیاب ہوگی، جس سے خصوصی افراد کی سفری مشکلات میں نمایاں کمی ہوگی۔ اللہ پاک کے کرم سے اپنے خصوصی بہن بھائیوں کی سفری پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔"
سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا "ریاست مدینہ کی حقیقی صورت آج کا پنجاب ہے۔ ریاست مدینہ دیکھنے کے لیے ہمت کارڈ کو دیکھیں۔انتشار پارٹی کو مریم نواز سے سیکھنا چاہیے۔ افراد باہم معذوری کا ہاتھ مریم نواز جیسی دردمند وزیراعلیٰ ہی پکڑ سکتی ہے۔"
وزیر سوشل ویلفیئر نے کہا "ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور حکومت پنجاب ہمت کارڈ کے ذریعے یہ کردار بخوبی نبھا رہی ہے۔ ہمت کارڈ کا مقصد اپنے خصوصی بہن بھائیوں کو عزت کے ساتھ سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ اقدام خصوصی افراد کی زندگیوں میں سہولت اور آسانی پیدا کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے وہ خود مختار اور باوقار زندگی گزار سکیں گے"۔