ملتان سمیت مختلف شہروں پولیو مہم شروع‘ٹیموں کو گھر گھر جانے کا ٹاسک

     ملتان سمیت مختلف شہروں پولیو مہم شروع‘ٹیموں کو گھر گھر جانے کا ٹاسک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان + ڈیرہ + بہاولپور + خانیوال + لیہ + رحیم یار خان + راجن پور + میاں چنوں + لودھراں (وقائع نگار‘ بیورو رپورٹ‘ نمائندگان پاکستان) ضلع بھر میں تین روزہ پولیو مہم کا سلسلہ جاری۔مہم کے پہلے روز تقریبا تین لاکھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی (بقیہ نمبر21صفحہ6پر)

قطرے پلائے گئے ہیں۔مذکورہ مہم کو کامیاب کرنے کیلئے محکمہ صحت ملتان کی 19 سو سے زائد ٹیموں کو تشکیل دیا ہے۔آج مہم کا دوسرا دن ہوگا۔تین روزہ پولیو مہم کے اختتام کے بعد دو روزہ فالو اپ کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔جس میں گھروں میں عدم دستیاب بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔جبکہ انکاری والدین کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ ضلع ڈیرہ غازیخان میں پولیو مہم کا آغاز کردیاگیاہے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے فیلڈ میں پولیو ٹیموں کے کام کو چیک کیا. انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اور پولیو ٹیموں کو چیک کرنے کے ساتھ ٹیموں کو مکمل سپورٹ فراہم کریں. اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ شام کو تحصیل بھر کی سرگرمیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس طلب کریں سامنے آنے والی رکاوٹوں اور خامیوں کو فوری دور کیا جائے. ضلع ڈیرہ غازیخان میں پانچ روزہ خصوصی پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کے تمام ٹارگٹ بچوں تک رسائی حاصل کر کے قطرے پلائے جائیں گے. سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد نے مختلف مقامات پرپولیو ٹیموں کو چیک کیا. ڈور اور فنگر مارکنگ کا ریکارڈ کے ساتھ موازنہ کیاگیا علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ز راشد نعمت، محمد اسد چانڈیہ اور ناصر شہزاد ڈوگر نے فیلڈ میں پولیو ٹیموں کو چیک کرنے کے ساتھ بچوں کو قطرے بھی پلائے. ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں سہ روزہ پولیو سے بچاؤ کی سپیشل مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز سٹی عزمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد دلاور خان، ڈی ایچ او محمد طارق، فوکل پرسن راؤ محمد ذاکر، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور بچوں کے والدین موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سہ روزہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلائے جائیں۔ پولیو ٹیمیں فیلڈ میں مستعدی سے کام کریں تاکہ اس دوران ایک بچہ بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ضلع پولیو فری ہے۔ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ فوکل پرسن ڈاکٹر راؤ محمد ذاکر نے بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کی15اگست سے شروع ہونے والی مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے7,29,763 بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں 1473 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے1288موبائل ٹیمیں اور 167فکسڈ ٹیمیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران چولستان، دریا کے پار علاقوں اور خانہ بدوش افراد کے رہائشی مقامات پر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں کو 18 اگست کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر سرپرستی ضلع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر نے خانہ بدوشوں کی بستی میں بچوں کو پولیو ویکسئین کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ ممتاز، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 18 اگست تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 110 موبائل، ٹرانزٹ اور فکسڈ پولیو اسکواڈز گھر گھر جاکر، ٹرانسپورٹ اڈوں اور شہروں کے داخلی راستوں پر 5 سال تک کی عمر کے 5 لاکھ لاکھ 52 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسئین کے قطرے پلائیں گے-اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس بار کورونا وائرس پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر پولیو ورکرز کی حفاظتی تدابیر بارے ٹریننگز کرائی گئی ہیں۔اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد مہم میں شامل نہیں۔ ضلع لیہ میں انسداد پولیوکی مہم کا افتتاح چلڈرن وارڈ ڈی ایچ کیوہسپتال میں کیاگیا۔اس موقع پرمعاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب صوبہ بھر کو پولیو فری رکھنا چاہتے ہیں اس لیے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ حکام محنت و لگن سے خدمات سرانجام دیں۔ سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سابقہ مہم کی طرح محنت سے خدمات سرانجام دیتے ہوئے سوفی صداہداف کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداد پولیومہم کی کامیابی کے لیے ملازمین محض اپنی ڈیوٹی نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنا قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران تمام متعلقہ ادارے مو ثر ما نیٹرنگ، باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے کام کریں تاکہ معصوم بچوں کو پو لیو ایسے مرض سے محفوظ بنایاجاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں اور خانہ بدوش خاندانوں کے بچوں پر فوکس کیاجائے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کے64کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو باعث تشویش ہے، حکومت پاکستان صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس موذی مرض کے ارض پاک سے خاتمہ کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔یہ بات انہوں نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال لیاقت پور میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے حفاظتی قطرے پلاتے ہوئے کی۔اس موقع پرایم پی اے عامر نواز خان چانڈیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنر ارشد وٹو، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا سمیت دیگر موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں بھی 5پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ضلع رحیم یار خان کے نزدیکی اضلاع راجن پور، ڈی جی خان، کشمور اور گھوٹکی میں بھی پولیو کے کیسز سامنے آئے ہیں لہذا محکمہ صحت سمیت تمام تعاون کرنے والے ادارے مزید جانفشانی سے اس قومی فریضہ کی ادائیگی کریں تاکہ ناصرف اپنے ضلع کو پولیو فری رکھا جائے۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ان کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ پولیو مہم شروع ہوچکی ہے۔ اس مہم کو کامیاب کرنے کے لیے معاشرے کا ہر فرد حصہ لے۔ انشاء اللہ بہت جلد پاکستان پولیو فری بنا دیں گے۔ یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقارعلی نے پرائیویٹ ہسپتال میں پولیو مہم کی ٹیموں کو اچانک کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیم کو ہدایت کی کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے۔ اپنی ڈیوٹی احسن طریقہ سے سرانجام دیں۔کوئی بچہ قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں ذیشان ندیم نے انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا اسسٹنٹ کمشنر نے چک 129/15L میں پہنچ کر بچوں کو قطرے پلائے اور ٹیموں کو چیک کیا   ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر آصف محمود بھی ہمراہ  تھے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کی خود نگرانی کروں گا اسسٹنٹ کمشنر نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کو ہدایت کی کہ کسی جگہ قطروں سے انکاری بچہ نظر آئے تو فوری کور کیا جائے ٹیمیں 100 فیصد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہر صورت حاصل کریں۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچو ں کو معذوری سے نجات کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیو ویکسن کا ایک قطرہ بچے کی صحت مندانہ زندگی کی ضمانت ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید کرار حسین، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد اختر، فوکل پرسن محکمہ ہیلتھ راشد گجر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے سی اوی ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیمیوں کو مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہیں جہاں ٹیم کے نہ پہنچنے کی اطلاع ہو وہاں فوری پولیو ٹیم بھیجیں۔ انہوں نے کہاکہ پسماند ہ علاقوں اور جھونپڑیوں میں خانہ بدوش بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے خصوصی طور پر پلوائیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرسجاد اختر نے بتایا کہ ضلع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 3لاکھ 21ہزار564بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے اور رہ جانے والے بچوں کو چوتھے دن تلاش کر کے انہیں پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے مزیدبتایا کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ضلع کی 73یونین کونسلز میں 73یونین کونسل ایم اوز، 141ایرا انچارج،636موبائل ٹیمیں جبکہ 62ٹیمیں فکسڈ مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔
پولیو مہم